چیف سیکرٹری شکیل قادر خان کی زیرِ صدارت اہم اجلاس، زیرِ التوا اور جاری ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ، منصوبوں کی بروقت تکمیل، شفافیت اور معیار یقینی بنانے پر زور۔
کوئٹہ (الفجر آن لائن) چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان کی زیرِ صدارت صوبے میں جاری اور زیرِ التوا اسٹریٹجک منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز اور اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران صوبے بھر میں عوامی مفاد سے وابستہ اہم منصوبوں کی موجودہ صورتحال، تکمیل میں درپیش رکاوٹوں اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تفصیلی غور کیا گیا۔
اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ بلوچستان کے مجموعی طور پر 34 اسٹریٹجک منصوبوں میں سے 14 منصوبے مکمل کیے جا چکے ہیں، جبکہ باقی منصوبوں پر کام جاری ہے۔ اس موقع پر چیف سیکرٹری نے متعلقہ محکموں اور ذمہ دار افسران کو ہدایت کی کہ تمام منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کی جائے اور انہیں مقررہ مدت کے اندر اعلیٰ معیار اور مکمل شفافیت کے ساتھ پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے۔
شکیل قادر خان نے کہا کہ عوامی مفاد سے منسلک منصوبوں کی بروقت تکمیل حکومت کی اہم ترجیح ہے اور اس سلسلے میں ذمہ دار افسران کو ہر ممکن اقدامات کرنا ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ منصوبے عوام کی بنیادی ضروریات پوری کرنے، سہولیات کی فراہمی اور معیارِ زندگی بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔
چیف سیکرٹری نے مزید کہا کہ اسٹریٹجک منصوبوں کی تکمیل سے صوبے کی معیشت کو فروغ ملے گا، روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور عوامی خدمت کے مختلف شعبوں میں نمایاں بہتری آئے گی۔ انہوں نے منصوبوں کی نگرانی کے موجودہ نظام کو مزید مؤثر بنانے اور پیش رفت کا باقاعدگی سے جائزہ لینے کی بھی ہدایت کی۔
اجلاس میں منصوبوں کی تکمیل میں حائل رکاوٹوں کو فوری دور کرنے، متعلقہ محکموں کے درمیان رابطوں کو بہتر بنانے اور منصوبوں کی تکمیل کے بعد ان کی دیکھ بھال اور طویل مدتی پائیداری کے لیے مؤثر منصوبہ بندی پر بھی اتفاق کیا گیا۔
چیف سیکرٹری بلوچستان نے واضح کیا کہ تمام متعلقہ افسران اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں ادا کریں تاکہ ترقیاتی منصوبوں کے ثمرات جلد از جلد عوام تک پہنچ سکیں۔

