جامعہ بلوچستان کی رینکنگ اینڈ اسکورنگ 44 سے بڑھ کر 82 فیصد ہوگئی، سرکاری جامعات کے فنڈز 2 ارب سے بڑھا کر 10 ارب روپے کیے گئے، 22ویں کانووکیشن میں 24 پی ایچ ڈی اسکالرز، 29 ایم فل گریجویٹس اور 58 پوزیشن ہولڈرز کو اعزازات سے نوازا گیا۔
کوئٹہ (الفجر آن لائن) گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے کہا ہے کہ مسلسل جدوجہد، مؤثر نگرانی اور حکومتی اقدامات کے نتیجے میں صوبے کی تمام سرکاری جامعات کی مجموعی کارکردگی میں دوگنا اضافہ ہوا ہے، جبکہ ماضی میں مالی اور تعلیمی بحرانوں کا شکار رہنے والی جامعات اب تعلیمی استحکام کی جانب گامزن اور مالی طور پر سرپلس کی پوزیشن میں پہنچ رہی ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ بلوچستان کے 22ویں کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں صوبائی وزیر تعلیم راحیلہ حمید خان درانی، رکن قومی اسمبلی نوابزادہ جمال رئیسانی، پارلیمانی سیکرٹری میر لیاقت لہڑی، ارکان صوبائی اسمبلی، وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ظہور احمد بازئی، پرو وائس چانسلر ڈاکٹر رزاق شاہوانی، صوبائی محتسب جسٹس (ر) سعادت اللہ خان بازئی، مختلف سرکاری جامعات کے وائس چانسلرز، کالجز کے پرنسپلز، ماہرین تعلیم اور دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی۔
کانووکیشن کے دوران 24 پی ایچ ڈی اسکالرز، 29 ایم فل گریجویٹس اور بی ایس پروگرام کے 58 پوزیشن ہولڈر طلبہ و طالبات کو گولڈ میڈلز اور اسناد سے نوازا گیا۔
گورنر بلوچستان نے کہا کہ جامعہ بلوچستان کو صوبے کی پہلی مادرِ علمی ہونے کا اعزاز حاصل ہے اور مختصر عرصے میں اس کی رینکنگ اینڈ اسکورنگ 44 فیصد سے بڑھ کر 82 فیصد تک پہنچ گئی ہے، جو ادارے کی انتظامی، تعلیمی اور تحقیقی کارکردگی میں نمایاں بہتری کی عکاسی کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں مالی اور تعلیمی مشکلات سے دوچار جامعات کا استحکام حاصل کرنا ایک قابلِ فخر پیش رفت ہے۔
انہوں نے کہا کہ جامعہ بلوچستان کا سب سے بڑا سرمایہ اس کے فارغ التحصیل طلبہ ہیں، جن میں ممتاز اسکالرز، محققین، متحرک قائدین اور مختلف شعبوں میں پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے حامل افراد شامل ہیں، جو پاکستان اور بلوچستان کی ترقی میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔
گورنر جعفر خان مندوخیل نے کامیاب اسکالرز اور گریجویٹس کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان کے اعزازات مسلسل محنت، علمی لگن اور اساتذہ کی رہنمائی کا اعتراف ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ دور صنعتی انقلاب کے چوتھے مرحلے کا دور ہے، جہاں مصنوعی ذہانت، ڈیٹا سائنس، شمسی توانائی اور جدید ٹیکنالوجی نے ترقی کے روایتی تصورات تبدیل کر دیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج کے دور میں صرف ڈگری حاصل کرنا کافی نہیں بلکہ عملی مہارت، تخلیقی سوچ، جدت پسندی، بدلتے حالات سے ہم آہنگ ہونے کی صلاحیت اور مضبوط اخلاقی کردار بھی ضروری ہیں۔ علم اسی وقت حقیقی طاقت بنتا ہے جب اسے عملی زندگی کے مسائل حل کرنے اور معاشرے کی بہتری کے لیے استعمال کیا جائے۔
گورنر بلوچستان نے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ظہور احمد بازئی اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو معیاری تعلیم، جدید فنی مہارتوں اور ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنا مستقبل کی ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوان سی پیک اور ابھرتی ہوئی علاقائی معیشت سے بھرپور فائدہ اٹھا سکتے ہیں، تاہم اس کے لیے انہیں محض ڈگریوں کے بجائے جدید علم، ہنر اور عملی صلاحیتوں سے لیس کرنا ہوگا۔
انہوں نے بلوچستان کی جغرافیائی اور معاشی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ صوبہ قدرتی وسائل، انسانی صلاحیتوں اور منفرد محلِ وقوع کا حامل ہے۔ بحیرہ عرب کے ذریعے بلوچستان وسطی ایشیا اور مشرقِ وسطیٰ کے لیے اہم تجارتی و معاشی گزرگاہ کی حیثیت رکھتا ہے، جبکہ گوادر کے مرکز کے ساتھ چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) علاقائی روابط اور معاشی مواقع کے ایک نئے دور کی بنیاد فراہم کر سکتی ہے۔
گورنر نے فارغ التحصیل طلبہ و طالبات پر زور دیا کہ وہ خود کو صرف جامعہ بلوچستان کے سفیر نہیں بلکہ پاکستان کے سفیر بھی سمجھیں اور اپنی صلاحیتوں کو ذاتی کامیابی تک محدود رکھنے کے بجائے ملک و معاشرے کی ترقی کے لیے بروئے کار لائیں۔ انہوں نے جامعہ بلوچستان کو درپیش مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن تعاون اور رہنمائی کی یقین دہانی بھی کرائی۔
اس موقع پر صوبائی وزیر تعلیم راحیلہ حمید خان درانی نے اپنے خطاب میں کہا کہ صوبے کی تمام پبلک سیکٹر جامعات کو مختلف نوعیت کے بحرانوں سے نکالنے، انہیں تعلیمی و تحقیقی ترقی کی راہ پر گامزن کرنے اور ان کے لیے مختص فنڈز میں اضافے کے حوالے سے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور ان کی کابینہ نے کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سرکاری جامعات کے لیے مختص فنڈز 2 ارب روپے سے بڑھا کر 10 ارب روپے تک کیے گئے۔
وائس چانسلر جامعہ بلوچستان پروفیسر ڈاکٹر ظہور احمد بازئی نے کہا کہ ان کی ٹیم نے مسلسل محنت، عزم اور جدوجہد کے ذریعے یونیورسٹی میں ہر سطح پر مثبت تبدیلیاں متعارف کرائی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جامعہ بلوچستان کو شدید مالی بحران اور مشکلات سے نکال کر مالی سرپلس کی پوزیشن تک پہنچانے میں کامیابیاں حاصل کی گئی ہیں۔
وائس چانسلر نے اس پیش رفت میں تعاون اور سرپرستی پر گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل، وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی، صوبائی وزیر تعلیم راحیلہ حمید خان درانی اور ان کی متعلقہ ٹیموں کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔

