پٹرول کی قیمت میں 8 روپے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 7 روپے فی لیٹر کمی کر دی گئی، وزارت کی جانب سے نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری۔
اسلام آباد (الفجر آن لائن) حکومت نے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کر دی ہے۔ جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پٹرول کی قیمت میں 8 روپے فی لیٹر جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 7 روپے فی لیٹر کمی کی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پٹرول کی نئی قیمت 338 روپے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے، جبکہ ڈیزل کی قیمت میں کمی کے بعد نئی قیمت 371 روپے فی لیٹر ہو گئی ہے۔
قیمتوں میں کمی کے بعد پٹرولیم مصنوعات کے صارفین کو براہ راست ریلیف ملنے کی توقع ہے۔ پٹرول کی قیمت میں کمی سے موٹر سائیکلوں اور نجی گاڑیوں کے استعمال کرنے والوں کو فائدہ ہوگا، جبکہ ڈیزل سستا ہونے سے مال بردار گاڑیوں، پبلک ٹرانسپورٹ اور زرعی شعبے کے اخراجات پر بھی مثبت اثر پڑنے کا امکان ہے۔
حکومت کی جانب سے نئی قیمتوں کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔

