این سی سی آئی اے کو ملک بھر سے 10 ہزار 386 شکایات موصول، 442 مقدمات درج، کارروائیوں کے دوران 14 کروڑ 98 لاکھ روپے برآمد، غیر قانونی کال سینٹرز کے خلاف کریک ڈاؤن میں 973 افراد گرفتار
اسلام آباد (الفجر آن لائن) نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے ملک بھر میں سائبر جرائم اور غیر قانونی آن لائن سرگرمیوں کے خلاف گزشتہ 53 روز کے دوران کی جانے والی کارروائیوں کی تفصیلات جاری کر دی ہیں۔ جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق اس عرصے میں سائبر کرائم سے متعلق مجموعی طور پر 10 ہزار 386 شکایات موصول ہوئیں، جبکہ مختلف کارروائیوں کے نتیجے میں ایک ہزار 749 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔
این سی سی آئی اے کی رپورٹ کے مطابق موصول ہونے والی شکایات کی بنیاد پر 6 ہزار 672 انکوائریاں درج کی گئیں، جبکہ سائبر جرائم کے مختلف واقعات میں 442 مقدمات قائم کیے گئے۔ ان کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 14 کروڑ 98 لاکھ روپے کی ریکوری بھی کی گئی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سائبر پٹرولنگ یونٹ نے انٹرنیٹ پر موجود مشتبہ مواد، ویب سائٹس اور آن لائن سرگرمیوں کی نگرانی کرتے ہوئے 4 ہزار 530 یو آر ایل کا تکنیکی تجزیہ مکمل کیا۔ اس کے علاوہ ایک ہزار 186 مشتبہ ویب لنکس کو بلاک کرنے کے لیے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کو بھجوایا گیا۔
اعدادوشمار کے مطابق سائبر جرائم سے متعلق مزید 559 انکوائریاں اور 51 مقدمات بھی درج کیے گئے، جبکہ مشتبہ آن لائن سرگرمیوں کی روک تھام اور متعلقہ عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی گئیں۔
دوسری جانب غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث کال سینٹرز کے خلاف بھی ملک کے مختلف علاقوں میں کریک ڈاؤن کیا گیا۔ اس سلسلے میں مجموعی طور پر 59 چھاپے مارے گئے، جن کے نتیجے میں 43 مقدمات درج اور 973 ملزمان گرفتار کیے گئے۔ کارروائیوں کے دوران 15 ہزار 502 مختلف اشیا بھی تحویل میں لی گئیں، جبکہ گرفتار ہونے والوں میں 211 غیر ملکی شہری بھی شامل ہیں۔
این سی سی آئی اے کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ 53 روز کے دوران کی جانے والی کارروائیوں میں سائبر جرائم، مشتبہ ویب سائٹس، غیر قانونی آن لائن سرگرمیوں اور غیر قانونی کال سینٹرز کے خلاف مختلف سطحوں پر اقدامات کیے گئے۔ ادارے کی رپورٹ میں ان کارروائیوں کو ملک میں سائبر جرائم کی روک تھام اور غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف جاری اقدامات کا حصہ قرار دیا گیا ہے۔

