گھر والوں سے فون پر تاوان طلب کرتا رہا، زخمی ہونے کی جعلی تصاویر بھیج کر اہلخانہ کو خوفزدہ کیا، پولیس نے سی سی ٹی وی کیمروں، جدید ٹیکنالوجی اور ہیومن انٹیلیجنس کی مدد سے ملزم گرفتار کر لیا۔
لاہور (الفجر آن لائن) لاہور کے علاقے کاہنہ میں 30 سالہ نوجوان کے مبینہ اغوا کا ڈراپ سین ہو گیا، جہاں پولیس نے انکشاف کیا ہے کہ اغوا ہونے والا نوجوان خود ہی مبینہ واردات کا ماسٹر مائنڈ نکلا۔ ملزم نے اپنے اغوا کا جھوٹا ڈرامہ رچا کر اہلخانہ سے تاوان کی مد میں رقم وصول کرنے کی کوشش کی۔
تفصیلات کے مطابق ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سید ذیشان رضا نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری کے لیے ایس پی انویسٹی گیشن ماڈل ٹاؤن کی سربراہی میں خصوصی ٹیم تشکیل دی تھی۔ انچارج انویسٹی گیشن تھانہ کاہنہ نے پولیس ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے مبینہ ماسٹر مائنڈ نوجوان کو گرفتار کر لیا۔
انچارج انویسٹی گیشن تھانہ کاہنہ کے مطابق ملزم نے اپنے اغوا کا جعلی منصوبہ تیار کیا اور اہلخانہ کو فون کرکے تاوان کی صورت میں رقم طلب کرتا رہا۔ ملزم نے اپنے گھر والوں کو خوفزدہ کرنے کے لیے زخمی ہونے کی جعلی تصاویر بھی بھیجیں تاکہ اہلخانہ اس کے اغوا اور مبینہ تشدد کے دعوؤں کو سچ سمجھتے ہوئے رقم ادا کرنے پر مجبور ہو جائیں۔
ایس پی انویسٹی گیشن ماڈل ٹاؤن علی اختر کے مطابق پولیس نے واقعے کی تحقیقات کے دوران سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج، جدید ٹیکنالوجی اور ہیومن انٹیلیجنس سے مدد حاصل کی، جس کے نتیجے میں مبینہ ماسٹر مائنڈ کو گرفتار کرنے میں کامیابی حاصل ہوئی۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کی گرفتاری کے بعد واقعے کے مختلف پہلوؤں کی مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں تاکہ اس جعلی اغوا کے منصوبے اور اس میں ممکنہ طور پر ملوث دیگر افراد کے کردار کا تعین کیا جا سکے۔

