گمبٹ کے علاقے دربوکچ میں غیر قانونی سونے کی کان کنی کے خلاف کارروائی کے دوران پولیس پارٹی نشانہ بن گئی، حملہ آوروں نے پانچ پولیس گاڑیوں کو آگ لگا دی، علاقے میں سرچ آپریشن اور فائرنگ کا تبادلہ جاری۔
کوہاٹ (الفجر آن لائن) خیبر پختونخوا کے ضلع کوہاٹ کی تحصیل گمبٹ میں مسلح حملہ آوروں نے پولیس کی بھاری نفری پر گھات لگا کر حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں ابتدائی میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈی ایس پی سمیت 10 سے زائد پولیس اہلکار شہید جبکہ 12 اہلکار زخمی ہو گئے۔ واقعہ تھانہ گمبٹ کی حدود میں واقع علاقے دربوکچ، جالندھر بانڈہ میں پیش آیا، جہاں پولیس ٹیم دریائے سندھ کے کنارے غیر قانونی سونے کی کان کنی کے خلاف کارروائی کے لیے پہنچی تھی۔
تفصیلات کے مطابق پولیس پارٹی جب مذکورہ علاقے میں کارروائی کے لیے پہنچی تو پہاڑی مقامات پر موجود مسلح حملہ آوروں نے اچانک فائرنگ شروع کر دی۔ اچانک ہونے والے حملے کے باعث پولیس اہلکاروں کو بھاری جانی نقصان اٹھانا پڑا، جبکہ متعدد اہلکار گولیاں لگنے سے زخمی ہو گئے۔
ابتدائی میڈیا رپورٹس کے مطابق شہید ہونے والوں میں ڈی ایس پی گمبٹ حیدر زمان اور سب انسپکٹر مختیار بھی شامل ہیں۔ حملہ آوروں نے فائرنگ کے دوران پولیس کی پانچ گاڑیوں کو بھی آگ لگا دی، جس کے باعث علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
ریسکیو 1122 کے ترجمان کے مطابق واقعے کے بعد زخمی ہونے والے 12 پولیس اہلکاروں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ جائے وقوعہ پر متعدد لاشوں کی موجودگی کی اطلاعات بھی سامنے آئیں، تاہم جانی نقصان کی حتمی تعداد کے حوالے سے مختلف میڈیا رپورٹس میں فرق پایا گیا ہے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور سیکیورٹی فورسز کی اضافی نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر حملہ آوروں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا۔ علاقے میں پولیس اور مسلح حملہ آوروں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے کی بھی اطلاعات ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق علاقے میں امن و امان کی صورتحال پر قابو پانے اور حملہ آوروں کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔ واقعے کی مزید تحقیقات بھی کی جا رہی ہیں، جبکہ شہید اور زخمی اہلکاروں کی حتمی تعداد سے متعلق سرکاری تصدیق کا انتظار ہے۔

