مواخذے کی قرارداد 204 کے مقابلے میں 211 ووٹوں سے ناکام، ری پبلکن رکن تھامس میسی نے قرارداد پیش کی تھی، صدر ٹرمپ نے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے ڈیموکریٹس پر تنقید کی۔
واشنگٹن (الفجر ڈیجیٹل) امریکی ایوان نمائندگان میں وزیر جنگ پیٹ ہیگسیتھ کے خلاف مواخذے کی قرارداد مسترد کر دی گئی۔ ایوان میں ہونے والی ووٹنگ کے دوران قرارداد کے حق میں 204 جبکہ مخالفت میں 211 ووٹ ڈالے گئے، جس کے نتیجے میں مواخذے کی کوشش کامیاب نہ ہو سکی۔
تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جماعت ری پبلکن پارٹی کے رکن کانگریس تھامس میسی نے وزیر جنگ پیٹ ہیگسیتھ کے خلاف مواخذے کی قرارداد پیش کی تھی۔ قرارداد میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ ایران کے خلاف فوجی کارروائی کے دوران کانگریس کو نظرانداز کیا گیا اور جنگی اختیارات کا مبینہ طور پر غیر قانونی استعمال کیا گیا۔
قرارداد میں پیٹ ہیگسیتھ پر ایران کے شہر میناب میں ایک اسکول پر امریکی حملے کے نتیجے میں بچوں اور دیگر شہریوں کی ہلاکتوں کے حوالے سے بھی الزامات عائد کیے گئے تھے۔ قرارداد کے حامیوں کا مؤقف تھا کہ وزیر جنگ نے امریکی آئین کی خلاف ورزی اور اپنے سرکاری اختیارات کا غلط استعمال کیا۔
مواخذے کی قرارداد مسترد ہونے کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ردعمل میں کہا کہ پیٹ ہیگسیتھ کے مواخذے کی کوشش ناکام ہو گئی ہے۔ ان کے مطابق تھامس میسی کے علاوہ ری پبلکن ارکان نے وزیر جنگ کی حمایت میں ووٹ دیا۔
صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ پیٹ ہیگسیتھ کو ایوان میں حمایت حاصل رہی اور ڈیموکریٹس امریکا کے ساتھ زیادتی کر رہے ہیں، جسے روکنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے وینزویلا اور ایران میں امریکی کامیابیوں اور فوج میں ریکارڈ تعداد میں نئی بھرتیوں کا بھی ذکر کیا۔
دوسری جانب مواخذے کی قرارداد پر ووٹنگ سے قبل وزیر جنگ پیٹ ہیگسیتھ نے کہا تھا کہ یہ قرارداد ان کے لیے کوئی خطرہ نہیں اور اسے محض سیاسی تماشا قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ کوشش امریکی فوج اور اس کے اہلکاروں کے خلاف سازش کے مترادف ہے۔
پیٹ ہیگسیتھ نے اپنے مؤقف کا دفاع کرتے ہوئے کہا تھا کہ امریکی تاریخ میں فوجی آپریشن کے دوران کسی وزیر جنگ کو اس بنیاد پر عہدے سے نہیں ہٹایا گیا اور ایران کے خلاف فوجی کارروائی قانونی حیثیت رکھتی ہے۔
ایوان نمائندگان میں قرارداد مسترد ہونے کے بعد پیٹ ہیگسیتھ کے خلاف مواخذے کی یہ کوشش ناکام ہو گئی ہے، تاہم ایران میں امریکی فوجی کارروائی کی قانونی حیثیت اور کانگریس کے جنگی اختیارات سے متعلق سیاسی بحث جاری ہے۔

