گوشت مارکیٹ میں مسلح افراد کی فائرنگ سے جہانزیب جاں بحق، فرار ہونے والے دونوں مبینہ حملہ آور مشتعل افراد کے ہاتھوں مارے گئے، پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دیں۔
نوشکی (الفجر آن لائن) نوشکی شہر میں فائرنگ کے دو مختلف واقعات کے دوران تین افراد جاں بحق ہو گئے۔ واقعہ شہر کے وسط میں واقع گوشت مارکیٹ میں پیش آیا، جہاں مبینہ طور پر دو مسلح افراد نے فائرنگ کرکے جہانزیب نامی شخص کو قتل کر دیا۔ واقعے کے بعد ملزمان فرار ہونے کی کوشش کر رہے تھے کہ موقع پر موجود افراد نے انہیں پکڑ لیا، جس کے بعد مشتعل افراد نے فائرنگ کرکے دونوں مبینہ حملہ آوروں کو بھی ہلاک کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق نوشکی کی گوشت مارکیٹ میں پیش آنے والے فائرنگ کے واقعے میں پہلے جہانزیب نامی شخص کو نشانہ بنایا گیا، جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔ واقعے کے بعد دونوں مبینہ حملہ آور فرار ہونے کی کوشش کر رہے تھے، تاہم وہاں موجود افراد نے انہیں قابو کر لیا۔ بعدازاں مشتعل افراد کی فائرنگ سے دونوں افراد بھی جان کی بازی ہار گئے۔
ذرائع کے مطابق واقعے میں مجموعی طور پر تین افراد جاں بحق ہوئے، جن میں فائرنگ سے قتل ہونے والا شہری اور دونوں مبینہ حملہ آور شامل ہیں۔ جاں بحق ہونے والے دونوں مبینہ حملہ آوروں کی شناخت زبیر احمد ولد عابد حسین، قوم مینگل، ساکن غریب آباد نوشکی، اور الطاف ولد محمد عظیم، ساکن نوشکی کے نام سے ہوئی ہے۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس نے لاشیں ٹیچنگ اسپتال نوشکی منتقل کر دیں۔ پولیس حکام نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے، تاہم فائرنگ کے محرکات اور واقعے کے پس پردہ وجوہات تاحال سامنے نہیں آ سکیں۔
پولیس کی جانب سے واقعے کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ فائرنگ کے اصل محرکات اور اس میں ملوث افراد کے کردار کا تعین کیا جا سکے۔

