درگ روڈ کی تعمیر و توسیع پر کام کرنے والی کمپنی کو نشانہ بنایا گیا، ملزمان مشینری کو آگ لگانے کے بعد تین کارکنوں کو اپنے ہمراہ لے گئے، پولیس اور سیکیورٹی فورسز کی کارروائی شروع۔
کوئٹہ (الفجر آن لائن) بلوچستان کے ضلع موسیٰ خیل میں نامعلوم مسلح ملزمان نے سڑک کی تعمیر و توسیع پر کام کرنے والی ایک تعمیراتی کمپنی کے کیمپ پر حملہ کرکے مشینری کو آگ لگا دی اور وہاں کام کرنے والے تین افراد کو اغوا کرکے نامعلوم مقام پر لے گئے۔
پولیس کے مطابق واقعہ گزشتہ روز موسیٰ خیل کے علاقے میں پیش آیا، جہاں ایک تعمیراتی کمپنی درگ روڈ کی تعمیر اور توسیع کا کام کر رہی تھی۔ نامعلوم ملزمان نے کمپنی کے تعمیراتی کیمپ پر حملہ کیا اور وہاں موجود مشینری کو آگ لگا کر نذر آتش کر دیا۔
پولیس حکام کے مطابق حملہ آور کارروائی کے دوران تعمیراتی کام میں مصروف تین افراد کو بھی اغوا کرکے اپنے ساتھ لے گئے، جس کے بعد علاقے میں تشویش کی صورتحال پیدا ہوگئی۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس اور سیکیورٹی فورسز کی نفری فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور ملزمان کی تلاش اور مغوی افراد کی بازیابی کے لیے کارروائی شروع کر دی گئی۔
حکام کے مطابق واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں، جبکہ تاحال اغوا کیے گئے افراد کی شناخت، حملے کے محرکات اور ملزمان کی موجودگی سے متعلق مزید تفصیلات سامنے نہیں آ سکیں۔

