24 گھنٹوں کے دوران حملے کی دوسری کوشش ناکام، ریاض میں دھماکوں کی آوازیں سنائی دیں، سعودی سول ڈیفنس نے ہنگامی الرٹ جاری کیا تھا
ریاض (الفجر آن لائن) سعودی عرب کی قیادت میں یمن میں حوثی باغیوں کے خلاف سرگرم فوجی اتحاد نے دارالحکومت ریاض اور مملکت کے جنوبی علاقے کی جانب داغے گئے دو کروز میزائل تباہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ 24 گھنٹوں کے دوران ناکام بنایا جانے والا دوسرا میزائل حملہ ہے۔ اس سے قبل اتحاد نے ریاض کی جانب داغے گئے دو بیلسٹک میزائل بھی فضا میں تباہ کردیے تھے، جس کے بعد سعودی دارالحکومت میں زور دار دھماکوں کی آوازیں سنی گئی تھیں۔
برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق دھماکوں سے کچھ دیر قبل سعودی سول ڈیفنس نے ریاض کے علاقے میں ہنگامی الرٹ جاری کیا تھا۔ بعد ازاں حکام نے اعلان کیا کہ خطرے کی صورتحال ختم ہوگئی ہے۔
یہ حملے یمن کے دارالحکومت صنعا کے قریب گزشتہ روز ہونے والے سعودی فضائی حملوں کے بعد کیے گئے۔ حوثیوں کے زیرِ انتظام یمن کی وزارتِ صحت کے مطابق ان فضائی حملوں میں کم از کم 33 افراد ہلاک اور 39 زخمی ہوئے۔
حوثیوں کے زیرِ انتظام سرکاری خبر رساں ادارے صبا نے دعویٰ کیا کہ حملوں میں صنعا کے مشرق میں واقع حوثیوں کے مضبوط گڑھ بنی حشیش کے ایک قصبے میں گھروں کو نشانہ بنایا گیا، جبکہ ہلاک ہونے والوں میں زیادہ تر خواتین اور بچے شامل تھے۔
دوسری جانب سعودی عرب کے مرکز برائے بین الاقوامی مواصلات نے کہا تھا کہ حکام واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔

