میڈیا رپورٹ میں فارم بی اور انکم ٹیکس ویلتھ اسٹیٹمنٹس کے اندراجات میں فرق کی نشاندہی؛ تنخواہ، جائیدادوں کی مالیت، زرعی زمین کے لیز ایڈوانس، کرایہ آمدن اور اثاثوں میں اضافے کی تفصیلات پر وضاحت طلب کرلی گئی۔
پشاور (الفجر آن لائن) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے صاحبزادے اسعد محمود کے مالیاتی گوشواروں اور ویلتھ اسٹیٹمنٹس میں مبینہ تضادات سے متعلق میڈیا رپورٹ میں متعدد سوالات اٹھائے گئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق فارم بی اور انکم ٹیکس ویلتھ اسٹیٹمنٹ میں درج آمدن، جائیدادوں کی مالیت اور دیگر اثاثوں کی تفصیلات میں فرق سامنے آیا ہے۔
میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اسعد محمود کے فارم بی میں پیشہ تدریس ظاہر کیا گیا، جبکہ 2021 سے 2023 کے دوران سالانہ تنخواہ 30 سے 36 لاکھ روپے تک درج کی گئی۔ تاہم رپورٹ میں سوال اٹھایا گیا ہے کہ متعلقہ تعلیمی ادارے، عہدے، تقرری، ملازمت کے معاہدے، تنخواہ کی ادائیگی کے طریقہ کار اور اس کے ثبوت، بشمول سیلری سلپس، کی تفصیلات کیوں سامنے نہیں آئیں۔
رپورٹ میں ملتان میں موجود دو جائیدادوں کی مالیت سے متعلق بھی فرق کی نشاندہی کی گئی ہے۔ فارم بی میں ان جائیدادوں کی مالیت بالترتیب تقریباً 27 لاکھ اور 25 لاکھ روپے ظاہر کی گئی، جبکہ ویلتھ اسٹیٹمنٹ میں یہی مالیت 55 لاکھ اور 70 لاکھ روپے درج ہونے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ اس حوالے سے جائیدادوں کی ملکیت، شناخت اور مختلف دستاویزات میں درج مالیت کے فرق کی وضاحت طلب کی گئی ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق 2025 کی ویلتھ اسٹیٹمنٹ میں 48 مرلہ رہائشی پلاٹ کی مالیت 30 لاکھ روپے ظاہر کی گئی۔ رپورٹ میں پلاٹ کے مقام، خریداری کی تاریخ، فروخت کنندہ، ادائیگی کے ذریعے اور ملکیت کی قانونی دستاویزات، بشمول رجسٹری اور انتقال، سے متعلق سوالات اٹھائے گئے ہیں۔
اسی طرح 2026 کے گوشوارے میں 400 کنال زرعی زمین کے لیز ایڈوانس کی مد میں 50 لاکھ روپے ظاہر کیے جانے کا ذکر بھی کیا گیا ہے۔ رپورٹ میں زمین کے مقام، اصل مالک، لیز کی مدت، رقم کی ادائیگی اور متعلقہ معاہدے و ثبوت کی تفصیلات طلب کی گئی ہیں۔
جائیدادوں سے حاصل ہونے والی کرایہ آمدن کے اعداد و شمار بھی رپورٹ کا حصہ ہیں۔ اس کے مطابق 2024 میں 3 لاکھ 48 ہزار روپے، 2025 میں 23 لاکھ 4 ہزار روپے اور 2026 میں 21 لاکھ 80 ہزار روپے سالانہ کرایہ آمدن ظاہر کی گئی۔ رپورٹ میں جائیدادوں کے مقامات، کرایہ داروں، کرایہ وصولی کے بینک اکاؤنٹس، کرایہ ناموں اور ٹیکس ریکارڈ سے متعلق وضاحت پر زور دیا گیا ہے۔
رپورٹ میں مزید دعویٰ کیا گیا ہے کہ 2025 کے گوشوارے میں نعیم حیدر گرمانی کو 30 لاکھ روپے کی ادائیگی ظاہر کی گئی، تاہم اس ادائیگی کی مد سے متعلق سوال اٹھایا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ویلتھ اسٹیٹمنٹ کے مطابق اثاثوں کی مالیت 2023 میں 96 لاکھ 24 ہزار روپے سے بڑھ کر 2025 میں تقریباً ایک کروڑ 75 لاکھ روپے ہونے پر بھی وضاحت طلب کی گئی ہے۔
میڈیا رپورٹ میں اثاثوں کی مالیت کے تعین، جی سکس فور اسلام آباد میں مبینہ تین گھروں اور مہنگی گاڑیوں کی گوشواروں میں عدم موجودگی سے متعلق بھی سوالات اٹھائے گئے ہیں۔ تاہم ان دعوؤں کی آزادانہ تصدیق یا متعلقہ دستاویزات کی مکمل تفصیلات رپورٹ میں فراہم نہیں کی گئیں۔
رپورٹ میں اسعد محمود سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ گزشتہ چھ برس کے ٹیکس ریٹرنز، ویلتھ اسٹیٹمنٹس اور بینک اسٹیٹمنٹس سمیت اپنی آمدن، اخراجات، جائیدادوں، لیز معاہدوں، اثاثوں اور قرضوں کی تفصیلات واضح کریں تاکہ مبینہ تضادات کی حقیقت سامنے آسکے۔

