Terrorist attack on Band Korai Police Station in DI Khan foiled by police; all personnel remain safe.
بارود سے بھری پک اپ تھانے کے مرکزی گیٹ سے ٹکرا دی گئی، دھماکے سے تھانے کی دیوار اور مسجد کو نقصان پہنچا
ڈیرہ اسماعیل خان (الفجر آن لائن) ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشت گردوں نے رات گئے بھاری ہتھیاروں اور بارود سے بھری گاڑی کے ذریعے تھانہ بند کورائی پر حملہ کر دیا، تاہم پولیس اہلکاروں کی بروقت، مؤثر اور بھرپور جوابی کارروائی کے باعث دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنا دیا گیا۔
دہشت گردوں نے بارود سے بھری پک اپ تھانے کے مرکزی گیٹ سے ٹکرا دی، جس کے نتیجے میں ہونے والے شدید دھماکے سے تھانے کی دیوار اور مسجد کو نقصان پہنچا، تاہم تھانے میں داخل ہونے کی کوشش ناکام رہی اور تمام پولیس اہلکار محفوظ رہے۔
پولیس ترجمان کے مطابق دہشت گردوں نے حملے کے دوران بھاری ہتھیاروں کا بھی استعمال کیا، تاہم تھانے میں تعینات پولیس جوانوں نے فوری طور پر مورچے سنبھالتے ہوئے منظم اور مؤثر جوابی کارروائی کی، جس کے نتیجے میں حملہ آور پسپا ہونے پر مجبور ہو گئے۔ پولیس اہلکاروں کی مستعدی، پیشگی حفاظتی انتظامات اور بروقت ردعمل کے باعث دہشت گرد تھانے کے اندر داخل ہونے میں کامیاب نہ ہو سکے۔
ترجمان کے مطابق شدید دھماکے اور بھاری ہتھیاروں سے حملے کے باوجود پولیس جوانوں نے غیر معمولی جرات، پیشہ ورانہ مہارت اور ثابت قدمی کا مظاہرہ کیا اور اپنی پوزیشنوں پر ڈٹے رہے۔ حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور تھانے میں موجود تمام پولیس اہلکار محفوظ رہے۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈی پی او ڈیرہ اسماعیل خان فوری طور پر جائے وقوعہ پہنچ گئے، جہاں انہوں نے سکیورٹی انتظامات اور مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر پولیس کی جانب سے حفاظتی اقدامات اور صورتحال سے نمٹنے کے لیے کیے گئے انتظامات کا بھی معائنہ کیا گیا۔پولیس
ترجمان کے مطابق حملے کی آواز سنتے ہی مقامی شہری بھی پولیس کی حمایت میں تھانے کے قریب پہنچ گئے اور اہلکاروں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔ مقامی آبادی کا یہ ردعمل دہشت گردی کے خلاف پولیس اور عوام کے درمیان باہمی اعتماد اور تعاون کا مظہر ہے۔
پولیس ترجمان نے کہا کہ پولیس جوانوں کی بروقت کارروائی، پیشہ ورانہ تربیت اور غیر متزلزل عزم کے باعث دہشت گردوں کا تھانے کو نشانہ بنانے کا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا۔ خیبر پختونخوا پولیس دہشت گردی کے خلاف اپنی جدوجہد جاری رکھنے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے۔

