سینیٹر روبینہ خالد اور ورلڈ بینک کی کنٹری ڈائریکٹر بولورما امگابازار کی ملاقات، سماجی تحفظ، ڈیجیٹل تربیت، قومی سماجی و معاشی رجسٹری اور مستحق خاندانوں تک خدمات کی فراہمی بہتر بنانے پر تبادلہ خیال۔
اسلام آباد (الفجر آن لائن) چیئرپرسن بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) سینیٹر روبینہ خالد سے عالمی بینک کی کنٹری ڈائریکٹر بولورما امگابازار نے بی آئی ایس پی ہیڈکوارٹرز میں ملاقات کی۔ اس موقع پر عالمی بینک کے ٹیکنیکل ٹیم لیڈ امجد ظفر بھی ان کے ہمراہ تھے۔
ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، جن میں نیشنل سوشیو اکنامک رجسٹری (این ایس ای آر)، بینظیر نشوونما پروگرام، بینظیر ہنرمند پروگرام، ڈیجیٹل اور مالیاتی خواندگی سے متعلق تربیت اور وفاقی و صوبائی اداروں کے درمیان ڈیٹا کے تبادلے جیسے اہم موضوعات شامل تھے۔
دونوں فریقین نے سماجی تحفظ کے شعبے میں تعاون بڑھانے، ادارہ جاتی روابط کو مزید مستحکم کرنے، استعدادِ کار میں اضافے اور مستحق خاندانوں تک خدمات کی مؤثر فراہمی کے لیے مشترکہ اقدامات کے امکانات کا جائزہ لیا۔
ملاقات میں بی آئی ایس پی کے تکنیکی نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے امور بھی زیرِ بحث آئے، تاکہ ادارے کی عملی کارکردگی بہتر بنانے، پروگراموں پر مؤثر عمل درآمد اور مستحقین کو فراہم کی جانے والی سہولیات کے نظام کو مزید فعال بنایا جا سکے۔
اس موقع پر سینیٹر روبینہ خالد نے عالمی بینک کے ساتھ مسلسل تعاون کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ٹیکنالوجی، ادارہ جاتی مہارت اور ہنرمندی کے فروغ کے اقدامات سے بی آئی ایس پی کے سماجی تحفظ کے نظام کو مزید مضبوط بنایا جا سکتا ہے۔
ملاقات کے اختتام پر دونوں جانب سے ادارہ جاتی روابط مزید مستحکم کرنے اور باہمی تعاون کے نئے امکانات تلاش کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل نیشنل سوشیو اکنامک رجسٹری ڈاکٹر عاصم اعجاز اور نومان علی بھی موجود تھے۔

