مستحق خواتین اب مختلف بینکنگ ذرائع سے اپنی مالی امداد وصول کر سکیں گی؛ سینیٹر روبینہ خالد کی گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد سے ملاقات، نئے نظام کے نفاذ میں تعاون پر اظہارِ تشکر۔
اسلام آباد (الفجر آن لائن) بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) نے نئے انٹرآپریبلٹی ادائیگی نظام کے تحت چھ شراکت دار بینکوں کے ذریعے مستحق خواتین کو مالی امداد کی پہلی قسط کی فراہمی کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔ نئے نظام کے تحت مستحق خواتین کو اپنی رقم وصول کرنے کے لیے مختلف بینکنگ ذرائع میسر ہوں گے، جس سے انہیں کسی ایک بینک یا ادائیگی کے ادارے تک محدود نہیں رہنا پڑے گا۔
اس اہم پیش رفت کے موقع پر چیئرپرسن بی آئی ایس پی سینیٹر روبینہ خالد نے گورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان جمیل احمد سے خصوصی ملاقات کی۔ ملاقات میں نئے ادائیگی نظام کے مؤثر نفاذ، اس کی نگرانی اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ سینیٹر روبینہ خالد نے نظام کی تشکیل اور اس کے نفاذ میں اسٹیٹ بینک کے تعاون اور سرپرستی پر گورنر کا شکریہ بھی ادا کیا۔ اس موقع پر بی آئی ایس پی کی ایڈیشنل سیکرٹری ڈاکٹر عصمت نواز بھی موجود تھیں۔
نئے انٹرآپریبلٹی نظام میں چھ بینکنگ شراکت دار شامل ہیں، جن میں حبیب بینک لمیٹڈ، ایچ بی ایل مائیکروفنانس بینک، ایزی پیسہ، جیز کیش، بینک الفلاح اور بینک آف پنجاب شامل ہیں۔ اس نظام کے تحت مستحق خاندانوں کو اپنی مالی امداد وصول کرنے کے لیے متعدد بینکنگ ذرائع تک رسائی حاصل ہوگی۔
بی آئی ایس پی حکام کے مطابق نئی ادائیگی سہولت کا مقصد رقوم کی منتقلی کے عمل میں شفافیت کو فروغ دینا، ادائیگی مراکز پر طویل قطاروں اور غیر قانونی کٹوتیوں کی روک تھام اور مستحق خواتین کو باعزت انداز میں مالی امداد کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔
ملاقات کے دوران سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ نئے نظام کی تشکیل اور چھ بینکنگ شراکت داروں کو اس نیٹ ورک میں شامل کرنے کے لیے اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انٹرآپریبلٹی نظام کے نفاذ سے مستحق خواتین اپنی سہولت اور انتخاب کے مطابق رقم وصول کر سکیں گی، جس سے خدمات کا معیار بہتر ہونے کے ساتھ ملک میں مالی شمولیت کو بھی فروغ ملے گا۔
چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مستحق خواتین کی فلاح و بہبود اور مالی خودمختاری حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں۔ اس مقصد کے لیے اسٹیٹ بینک اور تمام شراکت دار مالیاتی اداروں کے ساتھ قریبی رابطہ اور تعاون جاری رکھا جائے گا۔

