نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے ملک وسیم اور عبدالقدیر جمالدینی جان کی بازی ہار گئے، واقعے کی وجوہات تاحال معلوم نہ ہو سکیں۔
نوکنڈی(الفجرآن لائن)نوکنڈی میں آج مغرب کے بعد فائرنگ کے ایک واقعے میں دو افراد جاں بحق ہوگئے۔ جاں بحق ہونے والوں کی شناخت ملک وسیم اور عبدالقدیر جمالدینی کے ناموں سے ہوئی ہے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق دونوں افراد کو نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کا نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ واقعے کے بعد دونوں کی میتیں انڈس اسپتال نوکنڈی منتقل کی گئیں، جہاں ضروری طبی کارروائی مکمل کی گئی۔
بعد ازاں اسپتال انتظامیہ نے ایمبولینس کے ذریعے دونوں افراد کی میتیں ان کے گھروں تک پہنچا دیں۔
فائرنگ کے واقعے کی وجوہات فوری طور پر معلوم نہیں ہوسکیں، جبکہ فائرنگ میں ملوث افراد کی شناخت اور واقعے کے محرکات سے متعلق مزید تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔

