انوار الحق کاکڑ سے صحافت اور حب الوطنی کا سبق سیکھا، میرے لیے انوار الحق کاکڑ اور میر سرفراز بگٹی آئیڈیل شخصیات ہیں، بلوچستان کے نوجوانوں کو مایوسی کے بجائے امید اور کامیابی کا راستہ اپنانا چاہیے، بابر یوسفزئی
کوئٹہ (الفجرآن لائن) معاون برائے داخلہ بابر یوسفزئی نے اپنی کتاب ’’چراغِ راہ‘‘ کی تقریبِ رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان کی نوجوان نسل کو امید، حوصلے اور کامیابی کا راستہ دکھانے کی کوشش کی ہے۔ نوجوانوں کو مایوسی کے بجائے مثبت سوچ اپناتے ہوئے ملک کی ترقی اور خوشحالی میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بابر یوسفزئی نے کہا کہ ان کے اساتذہ اور مینٹرز آج اسٹیج پر موجود ہیں جنہوں نے زندگی کے ہر مرحلے پر ان کی رہنمائی اور سرپرستی کی۔ انہوں نے سابق نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے صحافت اور حب الوطنی کا سبق سیکھنے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انوار الحق کاکڑ نے انہیں اپنے نظریے پر ثابت قدم رہنے اور مشکلات کے باوجود اصولوں پر ڈٹے رہنے کا حوصلہ دیا۔
بابر یوسفزئی نے کہا کہ حب الوطنی کے راستے میں مشکلات ضرور پیش آتی ہیں، تاہم اللہ تعالیٰ آسانیاں پیدا کرتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انوار الحق کاکڑ اور وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی ان کے لیے آئیڈیل شخصیات ہیں، جن سے انہیں رہنمائی اور حوصلہ ملا۔
انہوں نے اپنی کتاب کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس میں احادیث اور قدیم تعلیمات کی روشنی میں نوجوانوں کی رہنمائی کرنے کی کوشش کی گئی ہے تاکہ نئی نسل مایوسی اور منفی سوچ کے بجائے امید، حوصلے اور کامیابی کا راستہ اختیار کرے۔
بابر یوسفزئی کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں بعض عناصر نوجوانوں کے سامنے ایسا بیانیہ پیش کرتے ہیں جو انہیں مایوسی کی طرف لے جاتا اور ریاست سے بدظن کرنے کی کوشش کرتا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ نوجوانوں کو منفی سوچ سے نکل کر اپنی صلاحیتوں کو مثبت اور تعمیری سرگرمیوں میں استعمال کرنا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کامیابی کے لیے ملک سے محبت کا جذبہ ہمیشہ زندہ رکھنا ضروری ہے۔ نوجوانوں کا مستقبل پاکستان کی ترقی سے وابستہ ہے اور ملک کی خوشحالی کے لیے نئی نسل کو اپنی ذمہ داریاں سمجھتے ہوئے بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا۔

