ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی ازبک وزیر دفاع اور کمانڈر ایئر ڈیفنس اینڈ ایئر فورس سے ملاقاتیں، مشترکہ فوجی مشقوں، پائلٹس کی تربیت، دفاعی ٹیکنالوجی اور ادارہ جاتی روابط کے فروغ پر تبادلہ خیال
اسلام آباد (الفجرآن لائن) سربراہ پاک فضائیہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے جمہوریہ ازبکستان کے سرکاری دورے کے دوران اعلیٰ دفاعی اور فضائی قیادت سے اہم ملاقاتیں کیں، جن میں پاکستان اور ازبکستان کے درمیان دفاعی تعلقات، عسکری تعاون اور باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں اشتراکِ عمل کو مزید وسعت دینے کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاک فضائیہ کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے 14 نومبر 2026 کو جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے ازبکستان کے وزیر دفاع لیفٹیننٹ جنرل بوتر قدرت خوجایف بہرومووچ اور نائب وزیر دفاع و کمانڈر ایئر ڈیفنس اینڈ ایئر فورس میجر جنرل برخانوف احمد جومولووچ سے اعلیٰ سطحی ملاقاتیں کیں۔
ازبکستان کے وزیر دفاع سے ملاقات کے دوران علاقائی سلامتی، موجودہ دفاعی تعلقات اور دونوں ممالک کے درمیان ادارہ جاتی تعاون کو مضبوط بنانے کے امکانات زیر بحث آئے۔ اس موقع پر ایئر چیف نے پاکستان اور ازبکستان کے گہرے تاریخی، ثقافتی اور برادرانہ تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ دفاعی روابط کا استحکام خطے میں امن و استحکام کے فروغ میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔
ازبک وزیر دفاع نے دونوں ممالک کے درمیان پیشہ ورانہ روابط، باہمی تجربات سے استفادے اور ادارہ جاتی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا تاکہ ابھرتے ہوئے سکیورٹی چیلنجز سے مؤثر انداز میں نمٹا جا سکے۔ انہوں نے پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارت، اعلیٰ آپریشنل صلاحیتوں اور جنگی استعداد کو سراہتے ہوئے ازبک فضائیہ کی آپریشنل تیاریوں کو بہتر بنانے کے لیے پاک فضائیہ کے تجربات، مہارت اور افرادی قوت کی تربیتی صلاحیتوں سے استفادہ کرنے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔
بعد ازاں نائب وزیر دفاع و کمانڈر ایئر ڈیفنس اینڈ ایئر فورس سے ملاقات میں دونوں ممالک کی فضائی افواج کے درمیان تعاون کو وسعت دینے پر خصوصی توجہ دی گئی۔ اس دوران مشترکہ فوجی مشقوں، منظم تبادلہ پروگرامز، مسلسل پیشہ ورانہ روابط اور استعدادِ کار میں اضافے کے اقدامات پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے بنیادی سے اعلیٰ حربی سطح تک پائلٹس کی تربیت، تکنیکی عملے کی پیشہ ورانہ استعداد میں اضافے اور ایرو اسپیس ٹیکنالوجیز کے شعبوں میں تعاون کے وسیع امکانات کو اجاگر کیا۔ دونوں جانب سے آپریشنل تیاریوں کو بہتر بنانے اور جدید ٹیکنالوجی کے شعبوں میں ایک دوسرے کے تجربات اور تکنیکی صلاحیتوں سے استفادہ کرنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا گیا۔
پریس ریلیز کے مطابق سربراہ پاک فضائیہ کا دورہ ازبکستان دونوں ممالک کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لیے پاکستان کے عزم کا عکاس ہے۔ اعلیٰ سطحی ملاقاتوں سے دفاعی اشتراکِ عمل اور ادارہ جاتی تعاون کو فروغ دینے کی راہ ہموار ہوگی، جبکہ دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے عسکری روابط خطے میں امن، استحکام اور سلامتی کے فروغ میں بھی معاون ثابت ہو سکتے ہیں۔

