پی ٹی اے کا سائبر جرائم کی روک تھام کے لیے وائس سمز کی حد میں کمی اور ڈیٹا سمز کی تعداد بڑھانے کا منصوبہ، فائیو جی اور آئی او ٹی سروسز کے پیش نظر نئی پالیسی پر موبائل کمپنیوں سے مشاورت ہوگی
اسلام آباد (الفجر آن لائن) پاکستان میں ایک شناختی کارڈ پر جاری ہونے والی موبائل فون وائس سمز کی مقررہ تعداد پر نظرثانی کا اصولی فیصلہ کر لیا گیا ہے، جس کے تحت ایک شناختی کارڈ پر موجودہ 5 وائس سمز کی اجازت کم کرکے 3 کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) وائس سمز کی تعداد محدود کرنے کے ساتھ ڈیٹا سمز کی حد میں اضافے کی بھی خواہاں ہے۔
حکام کے مطابق سائبر جرائم میں موبائل سمز کے ممکنہ غلط استعمال کی روک تھام کے لیے وائس سمز کی تعداد کم کرنے کی ضرورت محسوس کی جا رہی ہے۔ عمومی طور پر ایک صارف بیک وقت 2 سے 3 وائس سمز ہی استعمال کرتا ہے، اس لیے ایک شناختی کارڈ پر زیادہ تعداد میں وائس سمز جاری کرنے کی اجازت پر نظرثانی کی تجویز زیر غور ہے۔
پی ٹی اے حکام کا کہنا ہے کہ ایک شناختی کارڈ پر وائس سمز کی زیادہ تعداد جاری ہونے سے ان کے غلط استعمال کے امکانات بڑھ جاتے ہیں، لہٰذا صارفین کی حقیقی ضروریات اور سائبر سکیورٹی کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے نئی حد مقرر کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب ڈیٹا سمز کی تعداد میں اضافے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔ حکام کے مطابق فائیو جی ٹیکنالوجی کی آمد اور انٹرنیٹ آف تھنگز (IoT) سروسز کے فروغ کے بعد ڈیٹا سمز کی ضرورت میں اضافہ متوقع ہے، جس کے پیش نظر ایک شناختی کارڈ پر موجودہ 3 ڈیٹا سمز کی حد بڑھانے پر غور کیا جا رہا ہے۔
پی ٹی اے حکام کے مطابق سمز کی تعداد میں مجوزہ تبدیلیوں کو حتمی شکل دینے سے قبل موبائل فون کمپنیوں سے مشاورت کی جائے گی تاکہ صارفین کی ضروریات، ٹیلی کام انڈسٹری کے تقاضوں اور سائبر جرائم کی روک تھام کے درمیان توازن قائم کیا جا سکے۔
حکام کے مطابق عدالتی فیصلے کی روشنی میں اس وقت ایک شناختی کارڈ پر مجموعی طور پر 8 سمز جاری کرنے کی اجازت ہے، جن میں 5 وائس سمز اور 3 ڈیٹا سمز شامل ہیں۔ مجوزہ تبدیلی کے تحت وائس سمز کی تعداد 5 سے کم کرکے 3 جبکہ ڈیٹا سمز کی تعداد میں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔
تاہم مجوزہ پالیسی کے حوالے سے حتمی فیصلہ اور اس کے نفاذ کا طریقہ کار پی ٹی اے کی جانب سے موبائل فون کمپنیوں سے مشاورت اور متعلقہ قانونی تقاضے مکمل ہونے کے بعد سامنے آئے گا۔

