کتاب میں مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے اخلاقی پہلوؤں پر بھی گفتگو کی گئی ہے، بلوچستان کے مسائل کا حل صرف عسکری اقدامات نہیں بلکہ سیاسی قیادت اور مؤثر بیانیے کے ذریعے ممکن ہے، سابق وفاقی وزیر
کوئٹہ (الفجرآن لائن) سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے بابر یوسفزئی کی کتاب ’’چراغِ راہ‘‘ کی تقریبِ رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ بابر یوسفزئی دلیری کے ساتھ پاکستان کا مؤقف پیش کرتے ہیں اور ان کی کتاب بلوچستان کے تعلیمی اداروں، بالخصوص اسکولوں میں پڑھائی جانی چاہیے تاکہ نوجوان نسل اس سے رہنمائی حاصل کر سکے۔
فواد چوہدری نے کتاب کے مختلف موضوعات پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس میں مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے اخلاقی پہلوؤں کو بھی زیر بحث لایا گیا ہے، جو موجودہ دور کا ایک اہم موضوع ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں مصنوعی ذہانت کے حوالے سے بحث جاری ہے اور ضروری ہے کہ ہمارے بچے بھی اس موضوع کو سمجھیں اور کتاب کا مطالعہ کریں۔
سابق وفاقی وزیر نے ملک کی سیاسی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں ہمیشہ دلچسپ سیاسی ماحول رہتا ہے اور اب دیکھنا ہوگا کہ نئے صوبوں کے قیام سے متعلق بحث کس سمت آگے بڑھتی ہے۔
بلوچستان کے مسائل پر گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ صوبے کے حالات اور معاملات کو بہتر طور پر سمجھنے کے لیے سابق نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی تقریر ضرور سننی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں ایک طویل عرصے سے گریٹ گیم جاری ہے اور اس معاملے کے تاریخی، سیاسی اور علاقائی پہلوؤں کو سمجھنا ضروری ہے۔
انہوں نے برطانوی دور کی انتظامی تقسیم کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ماضی کی تقسیم کے اثرات کو ختم کرنے اور صوبائی انتظامی ڈھانچے سے متعلق معاملات پر بھی غور کیا جانا چاہیے۔ ان کے مطابق صوبوں کی تشکیل اور انتظامی تقسیم کے معاملے میں بلوچستان کی ڈویژن سے متعلق پہلوؤں کو بھی زیر بحث لایا جا سکتا ہے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ شورش یا مسلح مزاحمت جیسے مسائل سے نمٹنے میں سیاسی قیادت بنیادی کردار ادا کرتی ہے۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ بلوچستان کے معاملے پر اسلام آباد سے بھی بعض غلطیاں ہوئی ہیں، جن کا جائزہ لینا ضروری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جب تک مؤثر سیاسی اور قومی بیانیہ تشکیل نہیں دیا جائے گا، صرف عسکری ذرائع سے تمام مسائل حل نہیں کیے جا سکتے۔ بلوچستان کے معاملات کے پائیدار حل کے لیے سیاسی حکمت عملی، مکالمے اور عوامی اعتماد کی بحالی کو بھی اہمیت دینا ہوگی۔

