اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے محکمانہ کارروائی کے تحت معطلی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا، این سی سی آئی اے نے تحقیقات کے سلسلے میں گرفتار کیا تھا، بعد ازاں ضمانت منظور ہو گئی
اسلام آباد (الفجر آن لائن) خاتون پولیس افسر کے خلاف مبینہ نازیبا مہم اور کردار کشی کا معاملہ شدت اختیار کر گیا، جس کے بعد اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے ابتدائی محکمانہ کارروائی کرتے ہوئے سیکشن افسر بشارت علی خان کو 120 روز کے لیے معطل کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے سیکشن افسر بشارت علی خان کی معطلی کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ بشارت علی خان کا تعلق آفس مینجمنٹ گروپ (او ایم جی) سے بتایا گیا ہے، جبکہ ان پر پاکستان پولیس سروس (پی ایس پی) سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون پولیس افسر کے خلاف مبینہ طور پر نازیبا مواد پھیلانے اور کردار کشی کی مہم چلانے کا الزام ہے۔
ذرائع کے مطابق اس معاملے پر نیشنل سائبر کرائم انویسٹیگیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) میں بھی بشارت علی خان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ ایجنسی نے مقدمے کی تحقیقات کے سلسلے میں انہیں گرفتار کیا اور تفتیش کی، تاہم بعد ازاں عدالت سے ان کی ضمانت منظور ہو گئی۔
دوسری جانب این سی سی آئی اے میں درج مقدمے اور سامنے آنے والے الزامات کے تناظر میں اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے ابتدائی محکمانہ کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے ان کی 120 روزہ معطلی کے احکامات جاری کیے ہیں۔
واضح رہے کہ معطلی ایک ابتدائی محکمانہ اقدام ہے، جبکہ مقدمے میں عائد الزامات کا حتمی تعین متعلقہ قانونی اور محکمانہ کارروائی مکمل ہونے کے بعد ہوگا۔

