تمام ڈگری پروگراموں میں مصنوعی ذہانت کا تین کریڈٹ آورز پر مشتمل کورس لازمی قرار، ڈیجیٹل نظام کے نفاذ سے 70 لاکھ سے زائد صفحات کی پرنٹنگ سے بچت، ریکٹر ڈاکٹر راحیل قمر نے ایک سالہ کارکردگی رپورٹ پیش کردی۔
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) کامسیٹس یونیورسٹی میں گزشتہ ایک سال کے دوران انتظامی، تعلیمی اور ڈیجیٹل شعبوں میں متعدد اہم اصلاحات متعارف کرائی گئی ہیں۔ یونیورسٹی کی ایک سالہ کارکردگی رپورٹ کے مطابق 467 امیدواروں کی تقرریوں اور 438 ملازمین کی ترقیوں کی سفارشات کی گئی ہیں، جبکہ تمام ڈگری پروگراموں میں مصنوعی ذہانت (AI) کا کورس لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔ ڈیجیٹل نظام کے فروغ کے نتیجے میں 70 لاکھ سے زائد صفحات کی ممکنہ پرنٹنگ سے بچت بھی حاصل ہوئی ہے۔
تقرری کا ایک سال مکمل ہونے پر ریکٹر کامسیٹس یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر راحیل قمر نے کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر سجاد مدنی کے ہمراہ صحافیوں کے وفد سے ملاقات کی اور یونیورسٹی کی گزشتہ ایک سال کی کارکردگی، اصلاحاتی اقدامات اور مستقبل کے منصوبوں سے آگاہ کیا۔ رپورٹ میں 27 اکتوبر 2025 سے 26 اکتوبر 2026 تک کی کارکردگی کا احاطہ کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق یونیورسٹی کے ساتوں کیمپسز میں گرین ٹرانسفارمیشن منصوبے کے تحت انتظامی اور تعلیمی امور کو ڈیجیٹل بنانے، شفافیت میں اضافے اور وسائل کے مؤثر استعمال کے لیے اقدامات کیے گئے۔ اس سلسلے میں اکیڈمک کونسل کے 44ویں اجلاس میں 12 ہزار سے زائد صفحات پر مشتمل ایجنڈا ڈیجیٹل طریقے سے پیش کیا گیا، جس کے باعث تقریباً سات لاکھ صفحات کی پرنٹنگ، سات لاکھ لیٹر پانی کے استعمال اور 9.1 ٹن کاربن ڈائی آکسائیڈ کے مساوی اخراج سے بچاؤ ممکن ہوا۔
ریکٹر ڈاکٹر راحیل قمر کے مطابق انتظامی اصلاحات کے تحت 40ویں اور 41ویں سلیکشن بورڈز نے 467 امیدواروں کی تقرریوں کی سفارش کی۔ اسی طرح ٹینیور ٹریک سسٹم کے تحت 220 اور غیر تدریسی ملازمین کی 218 ترقیوں کی سفارشات کی گئیں، جبکہ مختلف کیمپسز اور پرنسپل سیٹ کے 141 اسٹاف گریڈ ملازمین کی ترقیاں بھی ریکارڈ کی گئیں۔
یونیورسٹی کے انتظامی ڈھانچے کو مزید مستحکم بنانے کے لیے چھ کیمپس ڈائریکٹرز، پانچ فیکلٹی ڈینز اور تین شعبہ جاتی چیئرپرسنز کی باقاعدہ تقرریاں بھی عمل میں لائی گئیں۔
تعلیمی شعبے میں ایک اہم پیش رفت کے طور پر تمام ڈگری پروگراموں میں تین کریڈٹ آورز پر مشتمل مصنوعی ذہانت (AI) کا کورس لازمی قرار دینے کی منظوری دی گئی، جس کا اطلاق خزاں 2026 سے ہو چکا ہے۔ اس اقدام کا مقصد کمپیوٹر سائنس کے علاوہ دیگر شعبوں کے طلبہ کو بھی مصنوعی ذہانت اور جدید ٹیکنالوجی کی بنیادی تعلیم فراہم کرنا ہے۔
طلبہ کو جدید مارکیٹ کی ضروریات سے ہم آہنگ کرنے کے لیے چھ بنیادی مہارتوں پر مشتمل ایک نیا فریم ورک بھی متعارف کرایا گیا ہے، جس میں کوڈنگ، کلاؤڈ ٹیکنالوجی، تخلیقی سوچ، انسان اور مصنوعی ذہانت کے درمیان اشتراک، سائبر سکیورٹی اور مؤثر ابلاغ شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق یونیورسٹی کے مختلف کیمپسز میں نئے تعلیمی پروگرام بھی متعارف کرانے کی منظوری دی گئی ہے۔ ان میں اسلام آباد اور اٹک میں بی ایس فنانشل ٹیکنالوجی، ایبٹ آباد میں بی ایس اکنامکس ود ڈیٹا سائنس، اسلام آباد میں ایم ایس سائیکالوجی، لاہور میں پی ایچ ڈی انگلش لسانیات اور بیچلر آف فائن آرٹس کے پروگرام شامل ہیں۔
یونیورسٹی کے تدریسی اور غیر تدریسی ملازمین کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے کے لیے فیکلٹی ڈویلپمنٹ اکیڈمی کے تحت ستمبر 2025 سے اگست 2026 تک 23 تربیتی کورسز منعقد کیے گئے، جن میں مجموعی طور پر 1,654 ملازمین نے شرکت کی۔ ان کورسز میں لائف اسکلز کے 13 تربیتی پروگرام بھی شامل تھے، جن سے 533 ملازمین مستفید ہوئے۔
تربیتی پروگراموں میں سوشل میڈیا مارکیٹنگ، گرافک ڈیزائننگ، مصنوعی ذہانت، سولر ٹیکنالوجی، برقی نظام اور الیکٹرک گاڑیوں سے متعلق جدید مہارتوں پر توجہ دی گئی۔
ڈاکٹر راحیل قمر کے مطابق یونیورسٹی کی بین الاقوامی سرگرمیوں میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ بہار اور خزاں 2026 کے دوران 17 ممالک سے تعلق رکھنے والے 112 نئے غیر ملکی طلبہ نے داخلہ لیا، جس کے بعد 22 ممالک سے تعلق رکھنے والے بین الاقوامی طلبہ کی مجموعی تعداد 210 ہوگئی۔
بین الاقوامی تعاون کے تحت مالدیپ نیشنل یونیورسٹی کے تعلیمی اور انتظامی نظام کو ڈیجیٹل بنانے کے لیے 220,000 امریکی ڈالر مالیت کا ساڑھے تین سالہ معاہدہ بھی کیا گیا ہے۔ اس منصوبے کے تحت داخلوں، تعلیمی ریکارڈ، کورس پورٹل اور مالیاتی انتظام کے لیے جدید سافٹ ویئر سسٹم کی تیاری میں معاونت فراہم کی جا رہی ہے۔
اسی طرح ترکی، کینیڈا، پولینڈ اور ملائیشیا کی جامعات کے ساتھ طلبہ اور اساتذہ کے تبادلوں کے پروگراموں میں پیش رفت ہوئی ہے۔ جبکہ اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے رکن ممالک کے طلبہ کے لیے مصنوعی ذہانت اور جدید سائنسی شعبوں میں ایم ایس اور پی ایچ ڈی کی سطح پر 100 وظائف کی پیشکش بھی کی گئی ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ طلبہ کی سہولت کے لیے آن لائن درخواستوں کا نظام متعارف کرایا گیا، جس کے ابتدائی ایک ہفتے کے دوران 400 سے زائد درخواستوں پر کارروائی کی گئی۔ اس کے علاوہ بھرتیوں، مالی امور، امتحانات، تحقیقی مقالوں اور ڈگریوں کی تصدیق کے نظام کو بھی جدید ڈیجیٹل سہولیات سے منسلک کیا جا رہا ہے۔
یونیورسٹی کے ایک لاکھ 17 ہزار سے زائد سابق طلبہ کے ساتھ روابط مضبوط بنانے کے لیے ایلومنائی ایکسیلنس ایوارڈز کا آغاز بھی کیا گیا ہے۔ اس اقدام کے ذریعے پیشہ ورانہ کامیابیوں، کاروباری اختراعات، سماجی خدمات اور نوجوان گریجویٹس کی نمایاں کارکردگی کو سراہا جا رہا ہے۔
ریکٹر پروفیسر ڈاکٹر راحیل قمر کا کہنا تھا کہ کسی بھی جامعہ کی کامیابی کا معیار صرف عالمی درجہ بندی نہیں ہوتا بلکہ معیاری تعلیم، تحقیق کے عملی نتائج، فارغ التحصیل طلبہ کی کامیابیاں، نئی اختراعات اور معاشرے پر مثبت اثرات بھی تعلیمی ادارے کی حقیقی ترقی کے اہم پیمانے ہیں۔
انہوں نے یونیورسٹی میں انتظامی شفافیت، ڈیجیٹل تبدیلی، جدید تعلیم اور بین الاقوامی تعاون کے فروغ کو مستقبل کی ترجیحات قرار دیا۔

