شاہد رند اور بابر یوسفزئی کا دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں کو سکیورٹی فورسز کے عزم اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظہر قرار، شہید میجر عمر منہاس ناصر اور حوالدار محمد عدنان خان کو خراجِ عقیدت
کوئٹہ (الفجر آن لائن) معاون وزیر اعلیٰ بلوچستان برائے اطلاعات و سیاسی امور شاہد رند اور معاون برائے محکمہ داخلہ بلوچستان بابر یوسفزئی نے کولپور میں دہشت گردوں کے خلاف سکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی پر اہلکاروں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان میں امن و امان کے قیام اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں قابلِ ذکر ہیں۔
شاہد رند نے اپنے بیان میں کہا کہ کولپور، کردگاپ اور نوشکی میں دہشت گردوں کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز سکیورٹی فورسز کے عزم، پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور مؤثر حکمت عملی کا مظہر ہیں۔ کولپور میں کارروائی کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 8 دہشت گردوں کی ہلاکت ایک اہم کامیابی ہے۔ ان کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گردوں میں ایک خودکش حملہ آور بھی شامل تھا، جبکہ کارروائی کے دوران بھاری تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
شاہد رند نے سکیورٹی فورسز کی گاڑیوں پر مسلح ڈرونز کے ذریعے حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد جدید ڈرون ٹیکنالوجی اور بارودی مواد کے استعمال سے بلوچستان میں امن کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، تاہم سکیورٹی فورسز ان بدلتے ہوئے خطرات سے پوری طرح آگاہ ہیں اور ان سے نمٹنے کے لیے اپنی حکمت عملی اور استعداد کار کو مزید مؤثر بنا رہی ہیں۔
انہوں نے میجر عمر منہاس ناصر اور حوالدار محمد عدنان خان کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وطن کے دفاع اور امن کے قیام کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء پوری قوم کا فخر ہیں۔ ان کی عظیم قربانیاں دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے قومی عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
معاون وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کوئٹہ تفتان قومی شاہراہ سمیت اہم شاہراہوں پر مؤثر سکیورٹی اقدامات اور گشت عوام کے تحفظ کے لیے انتہائی ضروری ہیں۔ دہشت گردی کے خطرے کے مکمل خاتمے تک کلیئرنس آپریشنز اور سکیورٹی کارروائیاں جاری رہنی چاہئیں۔ ریاست امن و امان اور عوام کے جان و مال کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔
دوسری جانب معاون برائے محکمہ داخلہ بلوچستان بابر یوسفزئی نے بھی کولپور میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی کو سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور عزم کا واضح ثبوت قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں بدامنی پھیلانے والے دہشت گرد عناصر کے لیے اب کوئی محفوظ ٹھکانہ باقی نہیں رہے گا اور کولپور میں فتنہ الہندوستان سے منسلک 8 دہشت گردوں کی ہلاکت سکیورٹی فورسز کی اہم کامیابی ہے۔
بابر یوسفزئی کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے ذریعے بلوچستان میں خوف و ہراس پھیلانے اور قومی شاہراہوں کو غیر محفوظ بنانے کی ہر کوشش ناکام بنائی جائے گی۔ بلوچستان کی سرزمین امن دشمن عناصر کے لیے تنگ کر دی جائے گی اور ریاست کی رٹ ہر صورت برقرار رکھی جائے گی۔
انہوں نے میجر عمر منہاس ناصر اور حوالدار محمد عدنان خان کی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہداء نے وطن عزیز کے دفاع اور عوام کے تحفظ کے لیے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ قوم اپنے بہادر شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی اور ان کی قربانیاں قومی تاریخ کا قابلِ فخر باب ہیں۔
معاون برائے محکمہ داخلہ نے مزید کہا کہ دہشت گرد جدید ڈرون ٹیکنالوجی یا دیگر تخریبی حربوں کے ذریعے ریاست کے عزم اور حوصلے کو کمزور نہیں کر سکتے۔ دہشت گردی کے بدلتے ہوئے طریقہ کار سے نمٹنے کے لیے سکیورٹی ادارے اپنی صلاحیتوں اور حکمت عملی کو مزید مؤثر بنا رہے ہیں۔
بابر یوسفزئی نے کہا کہ کوئٹہ تفتان قومی شاہراہ سمیت بلوچستان کی تمام اہم شاہراہوں پر عوام کی محفوظ نقل و حرکت حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ صوبے میں امن و استحکام، معاشی ترقی اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے محفوظ ماحول کا قیام ناگزیر ہے اور دہشت گردی کے ذریعے بلوچستان کی ترقی و خوشحالی کا راستہ روکنے والوں کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ عزمِ استحکام کے تحت دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے قومی حکمت عملی پر مؤثر عملدرآمد جاری رہے گا۔ محکمہ داخلہ بلوچستان امن و امان کے قیام اور شہریوں کے تحفظ کے لیے تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ مکمل رابطے اور تعاون کو یقینی بنا رہا ہے۔
دونوں حکومتی نمائندوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بلوچستان کے عوام کو خوف سے پاک اور محفوظ ماحول فراہم کرنے، دہشت گردی کے خاتمے اور صوبے میں امن، ترقی اور خوشحالی کے سفر کو جاری رکھنے کے لیے حکومت اور سکیورٹی فورسز مشترکہ کوششیں جاری رکھیں گی۔

