ٹریفک پولیس نے 10 ہزار کمرشل ڈرائیورز کا ریکارڈ چیک کیا، 2 ہزار 50 ڈرائیورز کے خلاف 3 ہزار 700 مقدمات درج ہونے کا انکشاف، خواتین اور مسافروں کے تحفظ کے لیے ڈیش کیم، ٹریکر اور کیو آر پینک بٹن نصب کرنے کا حکم
لاہور (الفجرآن لائن) لاہور میں کمرشل گاڑیاں چلانے والے 2 ہزار سے زائد ڈرائیورز کا کریمنل ریکارڈ سامنے آنے کے بعد ٹریفک پولیس نے آن لائن رائیڈ ہیلنگ کمپنیوں سے ایک لاکھ سے زائد ڈرائیورز کا مکمل ڈیٹا طلب کر لیا ہے۔ حکام نے مسافروں، خصوصاً خواتین کے محفوظ سفر کو یقینی بنانے کے لیے آن لائن ٹیکسی سروسز کے حفاظتی انتظامات مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) لاہور سید عبدالرحیم شیرازی کے مطابق ٹریفک پولیس نے 10 ہزار کمرشل گاڑیوں کے ڈرائیورز کا کریمنل ریکارڈ چیک کیا، جس کے دوران 2 ہزار 50 ڈرائیورز ریکارڈ یافتہ نکلے۔ ان ڈرائیورز کے خلاف مجموعی طور پر 3 ہزار 700 مقدمات درج ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
سی ٹی او لاہور نے تمام آن لائن ٹیکسی اور رائیڈ ہیلنگ کمپنیوں کے نمائندوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے ڈرائیورز کا مکمل ڈیٹا ٹریفک پولیس کو فراہم کریں تاکہ ڈرائیورز کے کوائف اور مجرمانہ ریکارڈ کی جانچ پڑتال کی جا سکے۔
حکام کے مطابق مسافروں، بالخصوص خواتین کے تحفظ کے پیش نظر سنگین جرائم میں ملوث ریکارڈ یافتہ ڈرائیورز کو آن لائن کیب چلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ اس کے علاوہ تمام رائیڈ ہیلنگ کمپنیوں کو اپنی گاڑیوں میں ڈیش کیم، ٹریکر اور کیو آر پینک بٹن نصب کرنے کا حکم بھی دیا گیا ہے۔
سی ٹی او سید عبدالرحیم شیرازی کا کہنا ہے کہ حفاظتی اقدامات پر عمل درآمد نہ کرنے والی آن لائن کیب سروسز کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے مسافروں اور ڈرائیورز کی مؤثر نگرانی، جرائم کی روک تھام اور شہریوں کو محفوظ سفری سہولیات فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔
ٹریفک پولیس کے اس اقدام کا مقصد آن لائن ٹیکسی سروسز میں حفاظتی نظام کو مؤثر بنانا اور شہریوں کو سفر کے دوران ممکنہ جرائم سے محفوظ رکھنا ہے۔

