علی خیل، میر علی اور دتہ خیل میں کارروائیاں، ہلاک ہونے والوں میں دو افغان شہری بھی شامل، حوالدار عصمت علی اور نائیک آفتاب علی نے بہادری سے لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا، آئی ایس پی آر
میرعلی، اسلام آباد (الفجر آن لائن) سکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان کے مختلف علاقوں میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران فتنہ الخوارج کے 16 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، جبکہ شدید فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے دو بہادر جوان شہید ہو گئے۔ ہلاک ہونے والے خوارجیوں میں دو افغان شہری بھی شامل ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق گزشتہ 12 گھنٹوں کے دوران شمالی وزیرستان کے مختلف علاقوں، علی خیل، میر علی، دتہ خیل اور گردونواح میں سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کارروائیاں کیں۔ ان آپریشنز کے دوران سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علی خیل میں ہونے والے شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران فتنہ الخوارج کے 12 دہشت گرد ہلاک کیے گئے، جن میں دو افغان شہری بھی شامل ہیں، جبکہ میر علی میں دو اور دتہ خیل میں مزید دو خوارجیوں کو ہلاک کر دیا گیا۔ ان کارروائیوں کے نتیجے میں علاقے میں سرگرم دہشت گرد نیٹ ورک کو شدید نقصان پہنچا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق ان آپریشنز کے دوران وطن کے دو بہادر سپوت حوالدار عصمت علی اور نائیک آفتاب علی بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہو گئے۔ شہید حوالدار عصمت علی کی عمر 43 سال تھی اور ان کا تعلق ضلع صوابی سے تھا، جبکہ 32 سالہ نائیک آفتاب علی کا تعلق ضلع مردان سے تھا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ کارروائیوں کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔ ہلاک ہونے والے دہشت گرد بے گناہ شہریوں کے قتل سمیت متعدد دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث تھے۔
بیان کے مطابق علاقے میں موجود ممکنہ دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشنز جاری ہیں۔ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے وژن عزمِ استحکام کے تحت دہشت گردی کے خلاف اپنی بھرپور کارروائیاں پوری رفتار سے جاری رکھے ہوئے ہیں تاکہ ملک سے غیر ملکی حمایت یافتہ دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔
دوسری جانب صدر مملکت آصف علی زرداری، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے شمالی وزیرستان میں کامیاب سکیورٹی آپریشن کے دوران 16 خوارج کی ہلاکت پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے بیان میں کہا کہ شمالی وزیرستان میں بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الہندوستان کے دہشت گرد نیٹ ورک کو مؤثر انداز میں شکست دی گئی ہے۔ انہوں نے سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور کامیاب کارروائی کو سراہا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے دونوں شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وطن کے دفاع اور امن کے قیام کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے جوانوں کی عظیم قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے بھی سکیورٹی فورسز کی کامیابی کو سراہتے ہوئے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور کہا کہ وطن کے دفاع کے لیے دی جانے والی عظیم قربانیوں کو قوم ہمیشہ یاد رکھے گی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کا عزم ہے کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور ملک میں پائیدار امن کے قیام تک کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔

