دہشت گردوں کے لیے بلوچستان میں کوئی محفوظ پناہ گاہ باقی نہیں رہے گی، صوبے میں امن و استحکام کے خلاف ہر سازش ناکام بنائیں گے، میر سرفراز بگٹی
کوئٹہ (الفجر آن لائن) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کولپور میں دہشت گردوں کے خلاف سکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی پر اہلکاروں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان میں امن و استحکام کے خلاف سرگرم دہشت گرد عناصر کے لیے اب کوئی محفوظ پناہ گاہ باقی نہیں رہے گی۔ انہوں نے کولپور میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الہندوستان کے 8 دہشت گردوں کی ہلاکت کو اہم کامیابی قرار دیا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ دہشت گردی کے ذریعے بلوچستان میں بدامنی پھیلانے اور قومی شاہراہوں پر معمولات زندگی متاثر کرنے کی کوششوں کو ہر صورت ناکام بنایا جائے گا۔ بلوچستان کی سرزمین پر امن دشمن عناصر کو دوبارہ قدم جمانے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور صوبے میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے تمام ضروری اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔
میر سرفراز بگٹی نے دہشت گردوں کے حملے میں پاک فوج کے میجر عمر منہاس ناصر اور حوالدار محمد عدنان خان کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہید جوانوں نے وطن کے دفاع اور شہریوں کے تحفظ کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ ان کی قربانیاں قومی تاریخ کا روشن باب ہیں اور پوری قوم اپنے بہادر سپوتوں کو عقیدت و احترام سے یاد رکھے گی۔
انہوں نے کہا کہ جدید ڈرون ٹیکنالوجی اور دیگر تخریبی ذرائع کا استعمال ریاست کے عزم کو کمزور نہیں کر سکتا۔ دہشت گردی کے بدلتے ہوئے طریقہ کار کے پیش نظر ریاستی ادارے اپنی حکمت عملی اور استعداد کار کو مزید مؤثر بنا رہے ہیں تاکہ دہشت گرد عناصر کے عزائم کو بروقت ناکام بنایا جا سکے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ کوئٹہ تفتان قومی شاہراہ سمیت صوبے کی تمام اہم شاہراہوں پر عوام کی محفوظ آمدورفت یقینی بنانا حکومت کی اہم ذمہ داری ہے۔ بلوچستان میں پائیدار امن، معاشی سرگرمیوں کے فروغ اور سرمایہ کاری کے لیے محفوظ ماحول ناگزیر ہے، جبکہ دہشت گردی کے ذریعے صوبے کی ترقی کا سفر روکنے کی ہر کوشش ناکام بنائی جائے گی۔
میر سرفراز بگٹی نے مزید کہا کہ عزمِ استحکام کے تحت دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے قومی حکمت عملی پر پوری قوت سے عملدرآمد جاری رہے گا۔ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیوں اور مشترکہ کوششوں سے ملک میں پائیدار امن کی منزل حاصل کی جائے گی۔
انہوں نے یقین دلایا کہ بلوچستان حکومت امن کے قیام، عوام کے جان و مال کے تحفظ اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھے گی۔

