جرمنی کی یونیورسٹی آف ورزبرگ کے محققین نے بوران اور آکسیجن کے درمیان ٹرپل بانڈ رکھنے والے مالیکیولز کو الگ کرنے میں کامیابی حاصل کرلی۔
جرمنی (ویب ڈیسک) سائنس دانوں نے کیمسٹری کے ایک ایسے پیچیدہ مسئلے کو حل کرنے میں کامیابی حاصل کرلی ہے جس پر دنیا بھر کے محققین گزشتہ کئی دہائیوں سے کام کر رہے تھے۔ جرمنی کی یونیورسٹی آف ورزبرگ کی تحقیقی ٹیم نے ایسے آکسی بورین مالیکیولز تیار کرنے اور انہیں مستحکم حالت میں الگ کرنے کا طریقہ دریافت کیا ہے جن میں بوران اور آکسیجن کے درمیان ٹرپل بانڈ موجود ہوتا ہے۔
تحقیقی اعلامیے کے مطابق آکسی بورین (Oxoboranes) طویل عرصے سے کیمیائی تحقیق کا اہم موضوع رہے ہیں، تاہم ان مالیکیولز کو انتہائی غیر مستحکم تصور کیا جاتا تھا، جس کے باعث انہیں تیار کرکے الگ حالت میں محفوظ کرنا ایک بڑا سائنسی چیلنج تھا۔
تحقیق کے دوران محققین نے ایک خاص کیمیائی مرکب کو مختلف کیٹونز کے ساتھ ملایا تو غیر معمولی نارنجی اور زرد رنگ کے ٹھوس مادے حاصل ہوئے۔ مزید تجربات سے معلوم ہوا کہ ان ردعمل کے نتیجے میں مطلوبہ آکسی بورین مالیکیولز تشکیل پا رہے تھے۔
تحقیقی ٹیم نے اس طریقے سے آکسی بورین کی تین اقسام تیار کرکے الگ کیں، جس سے ظاہر ہوا کہ یہ مالیکیولز مناسب کیمیائی حالات میں توقع سے زیادہ مستحکم رہ سکتے ہیں۔
اس تحقیق میں جرمنی کی یونیورسٹی آف ورزبرگ کے علاوہ بھارت کی تیزپور یونیورسٹی کے محققین نے بھی حصہ لیا۔ بھارتی ٹیم نے ان مالیکیولز کی ساخت اور کیمیائی خصوصیات سمجھنے کے لیے کمپیوٹیشنل تحقیق میں معاونت فراہم کی۔
ماہرین کے مطابق یہ پیش رفت مستقبل میں بوران پر مبنی نئے کیمیائی مرکبات کی تیاری اور بنیادی کیمسٹری کے پیچیدہ سوالات کے حل کی راہ ہموار کرسکتی ہے۔

