ذیابیطس کے عالمی دن پر چیئرپرسن بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کا پیغام، متوازن غذا، باقاعدہ ورزش اور صحت مند طرزِ زندگی اپنانے پر زور، مستحق خاندانوں کو صحت کی سہولیات تک رسائی فراہم کرنا ریاست کی اہم ذمہ داری ہے
اسلام آباد (الفجرآن لائن) چیئرپرسن بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد نے ذیابیطس کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ذیابیطس ایک سنجیدہ مرض ہے، تاہم بروقت تشخیص، مناسب احتیاطی تدابیر اور صحت مند طرزِ زندگی اپنا کر اس سے بچاؤ اور اس کے اثرات کو کم کرنے میں مدد حاصل کی جا سکتی ہے۔
سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ ذیابیطس سے بچاؤ کے لیے متوازن غذا، باقاعدہ ورزش اور صحت مند طرزِ زندگی اپنانا انتہائی ضروری ہے۔ شہریوں کو چاہیے کہ وہ اپنی روزمرہ زندگی میں صحت مند عادات کو فروغ دیں اور بیماریوں سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
انہوں نے ذیابیطس کے مریضوں پر زور دیا کہ وہ باقاعدگی سے طبی معائنہ کروائیں اور مستند معالجین کی ہدایات پر عمل کریں تاکہ بیماری کو بہتر انداز میں کنٹرول کیا جا سکے اور ممکنہ پیچیدگیوں سے بچا جا سکے۔
چیئرپرسن بی آئی ایس پی کا کہنا تھا کہ صحت مند معاشرے کی تشکیل کے لیے بیماریوں سے متعلق آگاہی اور احتیاطی تدابیر کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ عوام میں صحت کے مسائل سے متعلق شعور اجاگر کرنے کے لیے آگاہی مہمات اور معلوماتی سرگرمیوں کو مزید مؤثر بنانے کی ضرورت ہے۔
سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ کم آمدنی والے اور مستحق خاندانوں کو صحت کی بنیادی سہولیات تک رسائی فراہم کرنا ریاست کی اہم ذمہ داری ہے۔ اس کے ساتھ خواتین کی صحت اور ان کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانے کے لیے آگاہی مہمات کا انعقاد بھی انتہائی ضروری ہے۔
اپنے پیغام کے اختتام پر انہوں نے کہا کہ ذیابیطس کے عالمی دن کے موقع پر ہر فرد کو یہ عہد کرنا چاہیے کہ وہ اپنی اور اپنے پیاروں کی صحت کا خصوصی خیال رکھے گا، صحت مند طرزِ زندگی اپنائے گا اور بیماریوں سے بچاؤ کے لیے ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کرے گا۔

