شمالی ڈیرہ بگٹی میں نمازِ جنازہ میں وزیراعلیٰ بلوچستان، قبائلی عمائدین، سرکاری افسران اور شہریوں کی بڑی تعداد شریک، مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی میر سرفراز بگٹی سے تعزیت
شمالی ڈیرہ بگٹی (الفجرآن لائن) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی چچی محترمہ اور سابق رکن صوبائی اسمبلی میر طارق بگٹی کی والدہ ماجدہ کی نمازِ جنازہ شمالی ڈیرہ بگٹی میں ادا کر دی گئی، جس میں وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سمیت ہزاروں شہریوں، قبائلی عمائدین اور سرکاری افسران نے شرکت کی۔
نمازِ جنازہ کے موقع پر مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات اور شہریوں کی بڑی تعداد موجود تھی، جنہوں نے مرحومہ کے لیے دعائے مغفرت کی اور سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔
نمازِ جنازہ کی ادائیگی کے بعد مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے ملاقات کی اور ان کی چچی کے انتقال پر تعزیت کرتے ہوئے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
مرحومہ کے انتقال پر اہلِ خانہ سے اظہارِ تعزیت کے لیے شہریوں، قبائلی عمائدین، سیاسی و سماجی شخصیات اور مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد کی آمد کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ اس موقع پر سوگوار خاندان کے ساتھ یکجہتی اور ہمدردی کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

