فاطمہ کی ہلاکت کا مقدمہ تھانہ شمس کالونی میں درج، ڈائریکٹر ایف آئی اے گوجرانوالہ محمد بن اشرف عہدے سے ہٹا دیے گئے، اہلیہ اور سرکاری رہائش گاہ پر موجود ایک ملازم کو حراست میں لینے کی اطلاعات۔
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) اسلام آباد میں پولیس لائنز ہیڈکوارٹرز کی ایک سرکاری رہائش گاہ سے 13 سالہ گھریلو ملازمہ فاطمہ کی لاش برآمد ہونے کے واقعے نے تشویش پیدا کردی ہے۔ ذرائع کے مطابق بچی کے جسم پر تشدد کے نشانات پائے گئے ہیں، جبکہ واقعے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں اور مقدمہ تھانہ شمس کالونی میں درج کرلیا گیا ہے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق بچی کی لاش گزشتہ شام سرکاری رہائش گاہ سے برآمد ہوئی، جہاں وہ گھریلو ملازمہ کے طور پر کام کرتی تھی۔ واقعے کے بعد لاش کو ضروری قانونی کارروائی اور پوسٹ مارٹم کے لیے منتقل کیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی شفاف تحقیقات جاری ہیں اور پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آنے کے بعد مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق واقعے کے سلسلے میں ڈائریکٹر ایف آئی اے گوجرانوالہ محمد بن اشرف کی اہلیہ کو حراست میں لے لیا گیا ہے، جبکہ سرکاری رہائش گاہ پر موجود ایک ملازم کو بھی حراست میں لیے جانے کی اطلاعات ہیں۔ تاہم ان افراد کے خلاف الزامات اور واقعے میں ان کے ممکنہ کردار کا تعین تفتیش کے بعد ہوگا۔
ذرائع کے مطابق ابتدائی طور پر لواحقین کی مدعیت میں تھانہ خواتین میں مقدمہ درج کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا، تاہم بعد ازاں واقعے کا مقدمہ تھانہ شمس کالونی میں درج کرلیا گیا۔ یہ اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں کہ بچی کے والدین کو قانونی کارروائی نہ کرنے پر آمادہ کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں، تاہم اس حوالے سے متعلقہ حکام کی جانب سے باضابطہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔
واقعے کے بعد ایف آئی اے نے بھی انتظامی کارروائی کرتے ہوئے ڈائریکٹر ایف آئی اے گوجرانوالہ محمد بن اشرف کو ان کے عہدے سے ہٹا کر ایف آئی اے ہیڈکوارٹر اسلام آباد کلوز کردیا ہے۔ انہیں فوری طور پر ہیڈکوارٹر رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق محمد بن اشرف کی تعیناتی گوجرانوالہ میں تھی، تاہم ان کی اہلیہ اسلام آباد کے پولیس لائنز ہیڈکوارٹرز میں انہیں الاٹ کی گئی سرکاری رہائش گاہ میں مقیم تھیں۔
واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے، جبکہ بچی کی ہلاکت کی اصل وجہ، تشدد کے ذمہ داران اور دیگر ممکنہ حقائق کا تعین پوسٹ مارٹم رپورٹ اور پولیس تحقیقات کی روشنی میں کیا جائے گا۔

