ملک کے مفاد میں حکومت کا ساتھ دے رہے ہیں، موجودہ حکومتی نظام کا بوجھ اٹھانا میری سیاست کو نقصان پہنچا رہا ہے، پیپلز پارٹی چیئرمین کا انٹرویو
اسلام آباد (الفجر آن لائن) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ انہوں نے گزشتہ روز کچھ زیادہ سچ بول دیا جو بعض لوگوں کو ہضم نہیں ہو رہا، ملک کے مفاد میں حکومت کا ساتھ دے رہے ہیں، تاہم حکومتی رویہ تبدیل نہ ہوا تو پیپلز پارٹی اپوزیشن بینچوں پر بیٹھ سکتی ہے۔
ہم نیوز کے پروگرام ’’فیصلہ آپ کا‘‘ کی میزبان عاصمہ شیرازی کو انٹرویو دیتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے اپنے حالیہ بیان پر ہونے والی تنقید کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ میں نے کل تھوڑا زیادہ سچ بولا ہے جو اب ہضم نہیں ہو رہا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت اور نظام کا بوجھ اٹھانا ان کی سیاست کو نقصان پہنچا رہا ہے۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ انہوں نے کبھی اس بات سے انکار نہیں کیا کہ وہ نظام کے اسٹیک ہولڈر نہیں ہیں اور وزیراعظم کے ساتھ کھڑے ہیں، تاہم وزیراعظم کو بھی مناسب اختیارات دیے جانے چاہئیں۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ وزیراعظم کو پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین سے بھی زیادہ اختیار کیوں نہیں دیا جا رہا؟
انہوں نے کہا کہ کیا چیئرمین پی سی بی کو یہ اختیار حاصل ہے کہ وہ کہے کہ نظام ناکام ہو چکا ہے؟ کیا پی سی بی کو یہ ذمہ داری سونپی گئی ہے کہ وہ فیصلہ کرے کہ نظام کو کس طرح دوبارہ ترتیب دینا ہے؟ اور کیا سیاسی قیادت خاموشی اختیار کرکے گھر چلی جائے؟
واضح رہے کہ بلاول بھٹو زرداری نے گزشتہ روز اپنے بیان میں دعویٰ کیا تھا کہ ملکی نظام خودبخود تباہ نہیں ہوا بلکہ اسے تباہ کروایا گیا ہے اور اس عمل میں ان کا اپنا بھی کردار رہا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر سیاسی طور پر نظام کو دوبارہ ترتیب دینا ہے تو اس کے لیے سب سے پہلے عوام کا اعتماد بحال کرنا ہوگا۔

