جدید نیویگیشن اور پروپلشن نظام سے لیس میزائل طویل فاصلے تک اہداف کو تیز رفتار اور درستگی سے نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے، آئی ایس پی آر؛ صدر مملکت، وزیراعظم اور عسکری قیادت کی مبارکباد
راولپنڈی (الفجر آن لائن) پاکستان نے قومی دفاعی صلاحیتوں میں ایک اور اہم سنگ میل عبور کرتے ہوئے فتح-3 سپرسونک کروز میزائل کا کامیاب تجربہ کرلیا۔ جدید ٹیکنالوجی سے لیس یہ میزائل طویل فاصلے پر موجود اہداف کو سپرسونک رفتار سے انتہائی درستگی کے ساتھ نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فتح-3 میزائل جدید نیویگیشن اور پروپلشن نظام سے لیس ہے، جو اسے طویل فاصلے تک اہداف کو تیز رفتاری اور غیر معمولی درستگی کے ساتھ نشانہ بنانے کی صلاحیت فراہم کرتا ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ فتح-3 میزائل کا کامیاب تجربہ پاکستان آرمی کی راکٹ فورس کمانڈ کی آپریشنل لچک اور حملے کی رسائی میں اضافے کا باعث بنے گا، جبکہ اس پیش رفت سے ملک کی مجموعی روایتی دفاعی صلاحیت مزید مؤثر اور مضبوط ہوگی۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق میزائل کے کامیاب تجربے کا مشاہدہ کمانڈر آرمی راکٹ فورس کمانڈ اور پاکستان کی مسلح افواج کے سینئر افسران نے کیا۔ اس موقع پر میزائل کی تیاری اور ترقی میں کردار ادا کرنے والے سائنسدان اور انجینئرز بھی موجود تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق صدر مملکت اور وزیراعظم پاکستان نے فتح-3 سپرسونک کروز میزائل کے کامیاب تجربے پر مبارکباد پیش کی ہے، جبکہ چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز اور دیگر سروسز چیفس نے بھی اس اہم دفاعی کامیابی کو سراہا ہے۔
صدر مملکت، وزیراعظم، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز اور سروسز چیفس نے قومی دفاعی صلاحیتوں کی ترقی میں اہم سنگ میل حاصل کرنے پر متعلقہ حکام، سائنسدانوں اور انجینئرز کی محنت، لگن اور عزم کو خراج تحسین پیش کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فتح-3 میزائل کا کامیاب تجربہ پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں میں مسلسل پیش رفت اور قومی دفاع کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا مظہر ہے۔

