بلاول بھٹو نظام کو ری سیٹ کرنے کی بات کرتے ہیں، مگر عوامی حمایت کے بغیر کوئی نظام تبدیل نہیں ہوسکتا، وزیر دفاع کا ایکس پر بیان
اسلام آباد (الفجر آن لائن) وزیر دفاع خواجہ آصف نے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی حالیہ تقریر پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ جو شخص انصاف اور مساوات کا دعویٰ کرتا ہے، اس کے اپنے ہاتھ بھی صاف ہونے چاہئیں۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا بلاول بھٹو کے ہاتھ صاف ہیں اور کیا انہیں دوسروں کو نصیحت کرنے یا دھمکیاں دینے کا حق حاصل ہے؟
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں خواجہ آصف نے کہا کہ بلاول صاحب نے نظام کو ری سیٹ کرنے کی بات کی ہے، تاہم عوامی حمایت کے بغیر کسی بھی نظام کو ازسرنو ترتیب نہیں دیا جا سکتا۔ اگر نظام کے انہدام کی بات کی جا رہی ہے تو اس سے وابستہ تمام افراد کو اس کی ذمہ داری بھی قبول کرنی چاہیے۔ سیاستدانوں کا احتساب کوئی نیا تصور نہیں اور نہ ہی کوئی سیاستدان احتساب سے بالاتر ہے۔
وزیر دفاع نے کہا کہ بلاول بھٹو کی پریس کانفرنس پرجوش تھی اور اس میں موجودہ حکومت اور نظام کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا، تاہم سیاستدانوں کو عوام سے مشاورت کے عمل کو بیک ڈور سے آنے کا نام نہیں دینا چاہیے۔ سیاستدان اپنی قانونی اور جمہوری حیثیت عوامی رائے سے حاصل کرتے ہیں۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ عوامی رائے عامہ کے جائزوں کے ساتھ ساتھ پارلیمنٹ میں بھی بحث و مباحثے پر کوئی پابندی نہیں۔ نظام کو ری سیٹ کرنے کے معاملے پر پارلیمنٹ میں ضرور بحث ہونی چاہیے، لیکن اس عمل میں عوام کو ان کے بنیادی حق سے محروم نہیں کیا جا سکتا۔ اگر پارلیمنٹ عوامی رائے کو بھی مدنظر رکھے تو یہ جمہوری قانونی حیثیت کی معراج ہوگی۔
انہوں نے بلاول بھٹو کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ان کی جماعت پاکستان پیپلز پارٹی گزشتہ 18 سال سے سندھ میں اقتدار میں ہے۔ انہوں نے سندھ اور بالخصوص کراچی کی صورتحال پر طنزیہ انداز میں تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ سندھ گویا جنت بن چکا ہے اور کراچی شہر کی حالت پر دنیا رشک کرتی ہے۔
خواجہ آصف نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی 2022 سے حکومتی امور میں بھی شراکت دار رہی ہے، اس لیے حکومت کی کامیابیوں اور ناکامیوں کی ذمہ داری سے اسے الگ نہیں کیا جا سکتا۔ ان کے بقول منافع آپ کا ہے اور نقصان پیپلز پارٹی یا پاکستان کا ہے۔ انہوں نے ایک بار پھر سوال کیا کہ جو شخص انصاف کا دعویٰ کرتا ہے، کیا اس کے اپنے ہاتھ صاف ہیں اور کیا اسے دوسروں کو نصیحت کرنے یا دھمکیاں دینے کا حق حاصل ہے؟
وزیر دفاع نے کہا کہ حکومت کا بنیادی مقصد پاکستان کے عوام کی زندگیوں میں بہتری لانا اور عام آدمی کو باوقار زندگی فراہم کرنا ہونا چاہیے۔ حکمرانی میں عوامی شرکت کو حقیقت کا روپ دینا ضروری ہے، کیونکہ حکمرانوں کے پاس موجود طاقت عوام کی جانب سے دی گئی امانت ہے، کسی کی میراث نہیں۔ عوام کے حقوق کو صرف آئین کے صفحات تک محدود نہیں رہنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں مختلف ادوار کے دوران سفارتی اور عسکری محاذوں پر حاصل ہونے والی کامیابیوں کے بعد اب اصل جدوجہد حکمرانی کو گلی اور محلے کی سطح تک منتقل کرنے کی ہے، جہاں عوامی رائے اور پارلیمنٹ کا کردار مکمل طور پر جمہوری اور آئینی ہو۔
خواجہ آصف نے اپنے بیان کے اختتام پر کہا کہ حکمرانی کسی کی اجارہ داری نہیں بلکہ یہ حق ملک کے 25 کروڑ عوام کو حاصل ہے۔

