بلوچستان کی خواتین میں قیادت کی بھرپور صلاحیت موجود ہے، انہیں مواقع اور سازگار ماحول فراہم کرنے کی ضرورت ہے، صوبائی مشیر برائے کھیل مینا مجید — کانفرنس میں ملک بھر سے 300 سے زائد خواتین کی شرکت
کوئٹہ (الفجر آن لائن) کوئٹہ میں منعقدہ نیشنل ویمن لیڈرشپ کانفرنس کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوگئی، جس میں خواتین کی قیادت، معاشی خودمختاری، خوداعتمادی اور مختلف شعبوں میں ان کی مؤثر شمولیت کے فروغ پر زور دیا گیا۔ مارخور آڈیٹوریم کوئٹہ میں منعقدہ کانفرنس میں بلوچستان سمیت ملک بھر سے 300 سے زائد خواتین، طالبات، مقررین اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی مشیر برائے کھیل مینا مجید نے کہا کہ بلوچستان کی خواتین میں قیادت کی بھرپور صلاحیت موجود ہے، انہیں آگے بڑھنے کے لیے مواقع، اعتماد اور سازگار ماحول فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کی قیادت محض ایک خواب نہیں بلکہ روشن مستقبل کی ضمانت ہے، بلوچستان کی بیٹیاں بھی قومی اور بین الاقوامی سطح پر نمایاں کردار ادا کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔
مینا مجید نے کہا کہ خواتین کو تعلیم، روزگار، کاروبار اور فیصلہ سازی کے عمل میں مساوی مواقع فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ خواتین کی خوداعتمادی، معاشی خودمختاری اور قائدانہ صلاحیتوں کو فروغ دینا پائیدار ترقی کے لیے ناگزیر ہے، جبکہ بلوچستان کی باصلاحیت خواتین کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنا معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مقرر عدیل اظہر نے کہا کہ عورت کی مالی خودمختاری حقیقی آزادی کی بنیاد ہے۔ معاشی طور پر خودمختار خاتون نہ صرف اپنی زندگی کے فیصلے بہتر انداز میں کرسکتی ہے بلکہ مضبوط خاندان، مستحکم معاشرے اور قومی ترقی کی تشکیل میں بھی مؤثر کردار ادا کرتی ہے۔
کانفرنس کے دوران منعقدہ پینل ڈسکشن میں شرکاء نے اتفاق کیا کہ بلوچستان کی خواتین قومی اور بین الاقوامی سطح پر قیادت کا کردار ادا کرسکتی ہیں، تاہم اس مقصد کے لیے انہیں تعلیم، تربیت، سرپرستی اور عملی مواقع فراہم کرنا ضروری ہے۔ مقررین نے خواتین کی ترقی کے لیے حکومتی اور سماجی سطح پر مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
کانفرنس میں طالبات نے بھرپور شرکت کی اور سوال و جواب کے سیشن میں نوجوان خواتین نے اپنے خوابوں، مسائل، مستقبل کے اہداف اور قیادت کے حوالے سے اپنے خیالات کھل کر بیان کیے۔ شرکاء نے کانفرنس کو خواتین کی صلاحیتوں کے اظہار، باہمی رابطوں، تجربات کے تبادلے اور خوداعتمادی کے فروغ کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم قرار دیا۔
تقریب کے دوران بانسری کی خوبصورت دھن نے محفل کو دلکش بنا دیا، شرکاء موسیقی سے لطف اندوز ہوئیں جبکہ مارخور آڈیٹوریم تالیوں سے گونج اٹھا۔ کانفرنس میں خواتین کی ترقی اور قیادت کے فروغ کے لیے خدمات انجام دینے والی شخصیات اور مہمان مقررین میں اعزازی شیلڈز بھی تقسیم کی گئیں۔
کانفرنس کا بنیادی پیغام یہ تھا کہ خواتین کو بااختیار بنانے، قیادت کے مواقع فراہم کرنے اور انہیں ترقی کے سفر میں برابر کا شریک بنانے سے ہی ایک مضبوط، خوشحال اور ترقی یافتہ معاشرے کی بنیاد رکھی جاسکتی ہے۔ نیشنل ویمن لیڈرشپ کانفرنس نے بلوچستان کی خواتین کے روشن مستقبل، معاشی خودمختاری اور قیادت کے فروغ کے لیے ایک مؤثر اور مثبت پیغام دیا۔

