کوئٹہ(الفجرآن لائن) وزیر اعلٰی بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے پاکستان بار کونسل اور بلوچستان بار کونسل کے اراکین ایڈووکیٹ منیر احمد کاکڑ، ایڈووکیٹ نادر علی چھلگری، نجیب احمد کاکڑ ، افضل حریفال نے ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے وکلاء کی فلاح و بہبود، طبی سہولیات، قانونی معاونت، مالیاتی سہولیات اور دورانِ فرائض جان کا نذرانہ پیش کرنے والے وکلاء کے لیے حکومتی اقدامات پر مبنی چار اہم نوٹیفکیشنز وفد کے حوالے کیے۔ جاری کردہ نوٹیفکیشنز کے تحت محکمہ قانون کی جانب سے وکلاء کو قانونی مشاورتی معاونت (لیگل ایڈوائزری) کی سہولت فراہم کرنے کا اقدام کیا گیا ہے، جبکہ محکمہ صحت کے نوٹیفکیشن کے مطابق وکلاء کو گریڈ 18 کے سرکاری ملازمین کے مساوی طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ اسی طرح محکمہ داخلہ کے نوٹیفکیشن کے تحت دورانِ فرائض دہشت گردی یا کسی ناخوشگوار واقعے میں جان سے ہاتھ دھونے والے وکلاء کو شہید قرار دے کر شہداء کے لیے مقررہ حکومتی مراعات اور فوائد فراہم کیے جائیں گے۔
محکمہ خزانہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے تحت وکلاء کے لیے مالیاتی اداروں سے قرضوں، کریڈٹ کارڈز اور دیگر بینکاری سہولیات تک رسائی کو ممکن بنانے کے لیے اقدامات کیے گئے ہیں۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ وکلاء معاشرے میں قانون کی بالادستی، انصاف کی فراہمی اور آئینی حقوق کے تحفظ میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں۔ حکومت بلوچستان وکلاء کی پیشہ ورانہ ضروریات، فلاح و بہبود اور تحفظ کو اہمیت دیتی ہے اور ان کے لیے سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ دورانِ فرائض وکلاء کو درپیش خطرات اور مشکلات کا ادراک ہے، حکومت ان کے تحفظ اور فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وکلاء برادری کے مسائل کے حل اور انہیں درکار سہولیات کی فراہمی کے لیے متعلقہ محکمے باہمی رابطے کے ذریعے اقدامات جاری رکھیں گے۔ وکلاء کے وفد نے حکومتی اقدامات پر وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کا شکریہ ادا کیا

