ملک بھر کے 28 شہروں میں 103 امتحانی مراکز قائم، 35 ہزار 523 سے زائد امیدواروں نے امتحان میں شرکت کی، شفافیت یقینی بنانے کے لیے 153 مانیٹرنگ افسران تعینات
اسلام آباد (الفجرآن لائن) ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کے ایجوکیشن ٹیسٹنگ کونسل (ای ٹی سی) کے زیر اہتمام 35واں لا ایڈمیشن ٹیسٹ (LAT) ملک بھر میں کامیابی کے ساتھ منعقد ہوا، جس کے لیے 42 ہزار 547 امیدواروں نے رجسٹریشن کروائی، جبکہ 35 ہزار 523 سے زائد امیدواروں نے امتحان میں شرکت کی۔
ایچ ای سی کے مطابق لا ایڈمیشن ٹیسٹ 15 نومبر 2026ء کو ملک بھر کے 28 شہروں میں قائم 103 امتحانی مراکز میں منعقد کیا گیا۔ ٹیسٹ کا بنیادی مقصد قانون کی تعلیم حاصل کرنے کے خواہشمند طلبہ کی تعلیمی استعداد، بنیادی قابلیت اور ایل ایل بی پروگرامز میں داخلے کے لیے درکار صلاحیتوں کا جائزہ لینا تھا۔
امتحانی پرچہ مقررہ نصاب اور تعلیمی معیار کے مطابق تیار کیا گیا، جبکہ سوالات کی تیاری کے لیے باقاعدہ آئٹم بینک استعمال کیا گیا تاکہ ملک بھر میں امتحانی عمل کو یکساں، معیاری اور قابل اعتماد بنایا جا سکے۔
امتحان میں شفافیت، میرٹ اور انتظامی نظم و ضبط برقرار رکھنے کے لیے ایجوکیشن ٹیسٹنگ کونسل کی جانب سے خصوصی انتظامات کیے گئے۔ اس سلسلے میں 153 مانیٹرنگ افسران تعینات کیے گئے، جبکہ 2 ہزار 500 سے زائد تربیت یافتہ عملے نے امتحانی ذمہ داریاں انجام دیں۔ امتحانی عملے کو ٹیسٹ سے قبل خصوصی تربیت بھی فراہم کی گئی، جس میں غیر جانبداری، پیشہ ورانہ ذمہ داریوں، امتحانی سکیورٹی اور مقررہ ضابطہ کار پر عملدرآمد کو یقینی بنانے پر توجہ دی گئی۔
امتحانی عمل کی مؤثر نگرانی کے لیے تین سطحی مانیٹرنگ اور سپرویژن کا نظام بھی متعارف کروایا گیا۔ اس کے علاوہ ایجوکیشن ٹیسٹنگ کونسل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اور ایچ ای سی کی سینئر انتظامیہ نے امتحانی عمل کی براہ راست نگرانی کی تاکہ امتحانی نظام کی ساکھ، شفافیت اور تمام امیدواروں کے لیے یکساں مواقع برقرار رکھے جا سکیں۔
ایچ ای سی اور ایجوکیشن ٹیسٹنگ کونسل نے امتحان کے کامیاب انعقاد میں تعاون کرنے والے میزبان تعلیمی اداروں، امتحانی مراکز کی انتظامیہ، نگران عملے، مانیٹرنگ افسران اور مقامی انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کی خدمات کو سراہا۔
ایچ ای سی حکام کے مطابق کمیشن ملک میں اعلیٰ تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے، داخلہ امتحانات کے نظام کو مزید شفاف اور معیاری بنانے اور میرٹ کی بنیاد پر طلبہ کو مساوی مواقع فراہم کرنے کے لیے اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔ لا ایڈمیشن ٹیسٹ کا کامیاب انعقاد پاکستان میں معیاری قانونی تعلیم کے فروغ اور قانون کے شعبے میں مستقبل کے طلبہ کی صلاحیتوں کے جائزے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔

