بدامنی، معاشی بحران، مہنگائی، بے روزگاری اور تجارتی پابندیوں کے خلاف صوبے بھر کے بازار اور تجارتی مراکز بند رہیں گے، ضلعی ہیڈکوارٹرز میں احتجاجی مظاہرے بھی ہوں گے
کوئٹہ (الفجر آن لائن) کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں کل بروز جمعرات 19 نومبر 2026 کو مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال کا اعلان کیا گیا ہے، جس کے باعث صوبے بھر کے تمام بازار اور تجارتی مراکز بند رہیں گے۔
متعدد سیاسی جماعتوں اور آل تاجر انجمن کی جانب سے مشترکہ طور پر کیے گئے اعلان کے مطابق جمعرات کو صوبے بھر میں مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال کی جائے گی، جبکہ تمام ضلعی ہیڈکوارٹرز میں پریس کلبوں کے سامنے احتجاجی مظاہرے بھی منعقد کیے جائیں گے۔
احتجاجی تحریک کے تحت بدامنی، معاشی بحران، ہمسایہ ممالک کے ساتھ تجارت پر پابندیوں، بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ، بڑھتی ہوئی مہنگائی اور بے روزگاری کے خلاف آواز اٹھائی جائے گی۔
مشترکہ اعلان میں سیاسی رہنماؤں اور کارکنوں کی گرفتاریوں کے معاملے کو بھی احتجاج کی اہم وجوہات میں شامل کیا گیا ہے۔ منتظمین کے مطابق ہڑتال اور احتجاج کا مقصد صوبے کو درپیش معاشی، تجارتی اور سیاسی مسائل کی جانب توجہ مبذول کرانا ہے۔

