پورٹو ریکو سے فلوریڈا جانے والی جیٹ بلیو کی پرواز 1717 دورانِ سفر شدید ٹربولنس کی زد میں آگئی، طیارے نے فورٹ لاڈرڈیل ایئرپورٹ پر بحفاظت لینڈنگ کرلی۔
فورٹ لاڈرڈیل (الفجر آن لائن) امریکی فضائی کمپنی جیٹ بلیو کی پورٹو ریکو سے امریکی ریاست فلوریڈا جانے والی پرواز شدید فضائی جھٹکوں (ٹربولنس) کا شکار ہوگئی، جس کے نتیجے میں مسافروں اور عملے کے ارکان سمیت پانچ افراد زخمی ہوئے یا انہیں طبی معائنے کی ضرورت پیش آئی۔
امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق واقعہ منگل کی صبح پیش آیا، جب جیٹ بلیو کی پرواز نمبر 1717 پورٹو ریکو کے شہر پونسے سے فلوریڈا کے فورٹ لاڈرڈیل ایئرپورٹ کی جانب رواں دواں تھی۔
براؤورڈ کاؤنٹی شیرف آفس کے محکمہ فائر اینڈ ریسکیو کے مطابق صبح 6 بج کر 25 منٹ پر طیارے میں افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع موصول ہوئی، جس کے بعد امدادی ٹیمیں فوری طور پر ہوائی اڈے پہنچ گئیں۔
حکام کے مطابق طیارے نے صبح تقریباً 6 بج کر 58 منٹ پر فورٹ لاڈرڈیل ایئرپورٹ پر بحفاظت لینڈنگ کی۔ بعد ازاں اسے ہوائی اڈے کے تیسرے ٹرمینل پر منتقل کردیا گیا، جہاں امدادی اہلکار زخمیوں کی مدد کے لیے موجود تھے۔
واقعے کے نتیجے میں پانچ افراد زخمی ہوئے یا انہیں طبی معائنے کی ضرورت پیش آئی۔ طیارے کی بحفاظت لینڈنگ کے باعث ایک ممکنہ فضائی حادثہ ٹل گیا۔

