ایرانی بحریہ کے مطابق آبنائے ہرمز بدستور بند ہے، محفوظ آمدورفت کے لیے ایرانی مسلح افواج سے رابطہ اور مخصوص بحری راستوں کا استعمال لازمی قرار دے دیا گیا
تہران (الفجر آن لائن) آبنائے ہرمز میں ایک ہی روز کے دوران تیسرا آئل ٹینکر سمندری بارودی سرنگ سے ٹکرا گیا، جس کے نتیجے میں جہاز میں آگ بھڑک اٹھی۔
ایرانی بحریہ کے مطابق بحری پابندیوں کی خلاف ورزی کرنے والے تیسرے آئل ٹینکر کو مشرقی آبنائے ہرمز میں سمندری بارودی سرنگ سے ٹکرانے کے بعد آگ لگ گئی۔
ایرانی بحریہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ آبنائے ہرمز بدستور بند ہے اور اس آبی گزرگاہ سے محفوظ آمدورفت کے لیے ایران کی مسلح افواج کے ساتھ پیشگی رابطہ ضروری ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ آبنائے ہرمز سے گزرنے والے بحری جہازوں کو مخصوص محفوظ راستوں کا استعمال کرنا ہوگا جبکہ نیویگیشن سسٹمز کو فعال اور کھلا رکھنا بھی لازمی ہے۔ ایرانی بحریہ نے بحری جہازوں کو ان ہدایات پر عمل درآمد کرنے کی تاکید کی ہے۔

