دہشت گردی کے خلاف جنگ صرف میدان تک محدود نہیں بلکہ بیانیے کی جنگ بھی ہے، سوشل میڈیا کے ذریعے گمراہ کن پروپیگنڈا پھیلایا جا رہا ہے، خواتین کو صوبے کے امن و استحکام کے لیے اپنا قومی کردار ادا کرنا ہوگا، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ بلوچستان۔
کوئٹہ (الفجر آن لائن): ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ بلوچستان محمد حمزہ شفقات نے کہا ہے کہ صوبے میں دہشت گردی کے واقعات میں دشمن ممالک کی مبینہ سرپرستی اور مداخلت کا عنصر موجود ہے، جبکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ محض سکیورٹی محاذ تک محدود نہیں بلکہ یہ بیانیے کی جنگ بھی ہے، جسے سوشل میڈیا کے ذریعے آگے بڑھانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق محمد حمزہ شفقات نے کوئٹہ میں منعقدہ پانچ روزہ نیشنل ویمن لیڈرشپ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کے جوانوں کے ساتھ بے گناہ شہری بھی وطن کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج سے وابستہ دہشت گرد عناصر کی سرپرستی کرنے والے حلقے سوشل میڈیا کے ذریعے اپنا بیانیہ پھیلا رہے ہیں۔ ان کے مطابق اس مقصد کے لیے استعمال ہونے والے بعض سرورز نئی دہلی، کابل اور تل ابیب سے آپریٹ ہو رہے ہیں
ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ نے کہا کہ بلوچستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بھاری قربانیاں دے رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں دو چیف جسٹس صاحبان اور 60 سے زائد وکلا دہشت گردی کے واقعات میں شہید ہو چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی اہلکاروں کے علاوہ عام شہریوں، وکلا اور دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھی قربانیاں دی ہیں۔
محمد حمزہ شفقات نے فیک نیوز کو ایک بڑا چیلنج قرار دیتے ہوئے کہا کہ دشمن عناصر جھوٹی اور گمراہ کن خبروں کے ذریعے معاشرے میں خوف و ہراس پھیلانے کے ساتھ ملکی معیشت کو بھی نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی غیر مصدقہ معلومات اور منفی پروپیگنڈے کا مقابلہ کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ اس سلسلے میں درست معلومات کی فراہمی اور ذمہ دارانہ طرزِ عمل اختیار کرنا ضروری ہے۔
ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ نے کہا کہ خصوصاً خواتین کو بلوچستان میں امن و امان کے قیام اور معاشرتی استحکام کے لیے اپنا قومی کردار ادا کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ صوبے میں پہلی مرتبہ نیشنل ویمن لیڈرشپ کانفرنس کا انعقاد خواتین کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے اور انہیں قومی و سماجی معاملات میں مؤثر کردار ادا کرنے کے مواقع فراہم کرنے کی ایک اہم مثال ہے۔
محمد حمزہ شفقات نے دہشت گردی کے واقعات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد عناصر بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنانے کے ساتھ اپنے ہی صوبے کے پولیس اہلکاروں کے خلاف بھی انتہائی سفاکانہ کارروائیاں کر چکے ہیں۔
انہوں نے مانگی ڈیم دہشت گرد حملے کا حوالہ دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ اس واقعے میں پولیس اہلکاروں کو زندہ حالت میں تیزاب پلایا گیا تھا۔
انہوں نے اپنے خطاب کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا کہ بلوچستان کے عوام اور سکیورٹی ادارے دہشت گردی کے خلاف متحد ہو کر مقابلہ کر رہے ہیں اور وہ دن دور نہیں جب صوبے میں امن و استحکام کا سورج طلوع ہوگا۔

