کٹوتی کرنے والے ایجنٹوں کے خلاف فوری مقدمات درج کرانے کا حکم، خواتین کسی بھی مجاز پارٹنر بینک کے ریٹیلر سے رقم وصول کرسکیں گی، روبینہ خالد کا شیخوپورہ ڈائنامک رجسٹری سینٹر کا دورہ
شیخوپورہ (الفجرآن لائن) چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) سینیٹر روبینہ خالد نے کہا ہے کہ پروگرام کے نئے ڈیجیٹل ادائیگی نظام کے تحت ایک کروڑ خواتین بینیفشریز کے ڈیجیٹل والٹ اکاؤنٹس قائم کیے جا چکے ہیں، جن کے ذریعے مستحق خواتین ملک بھر میں کسی بھی مجاز پارٹنر بینک کے ریٹیلر سے ہفتے کے ساتوں دن اپنی مالی امداد وصول کر سکتی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ پروگرام میں کسی قسم کی بدعنوانی یا مالی کٹوتی برداشت نہیں کی جائے گی اور رقم میں کٹوتی کرنے والے ایجنٹوں کے خلاف فوری مقدمات درج کرائے جائیں۔
سینیٹر روبینہ خالد نے شیخوپورہ میں قائم بی آئی ایس پی ڈائنامک رجسٹری سینٹر کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے خواتین مستحقین سے ملاقات کی، ان کے مسائل سنے اور ڈائنامک سروے کے عمل کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ صدرِ مملکت اور وزیراعظم پاکستان کی ہدایات پر متعارف کرائے گئے نئے ڈیجیٹل والٹ نظام کے تحت خواتین کو اپنی مرضی کے مجاز پارٹنر بینک سے رقم وصول کرنے کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ انٹرآپریبلٹی نظام کے باعث خواتین ملک کے کسی بھی شہر میں رقم حاصل کر سکتی ہیں، جس سے انہیں طویل قطاروں اور انتظار سے نجات ملے گی۔
چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے خواتین کو ہدایت کی کہ وہ اپنے ڈیجیٹل والٹ کو ذاتی بٹوے کی طرح محفوظ رکھیں اور اپنا موبائل فون یا سم کسی ایجنٹ کے حوالے نہ کریں۔ انہوں نے زور دیا کہ رقم کی منتقلی اور وصولی سے متعلق بینک پیغامات کو بطور ثبوت محفوظ رکھا جائے تاکہ کسی بھی شکایت کی صورت میں متعلقہ ریکارڈ پیش کیا جا سکے۔
انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ مستحق خواتین کی امدادی رقم سے کٹوتی کرنے والے ایجنٹوں کے خلاف فوری کارروائی کرتے ہوئے مقدمات درج کرائے جائیں۔ خواتین سے گفتگو کے دوران سینیٹر روبینہ خالد نے سوال کیا کہ یہ پروگرام کس کے نام پر ہے؟ جس پر خواتین نے جواب دیا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے نام پر ہے۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ خواتین کو بھی بہادر بینظیر بھٹو کی طرح اپنے حقوق کے لیے آواز بلند کرنی چاہیے اور کسی بھی قسم کی زیادتی یا مالی استحصال کی صورت میں شکایت درج کرانی چاہیے تاکہ بدعنوان عناصر کے خلاف کارروائی کرکے انہیں سزا دلوائی جا سکے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر روبینہ خالد نے عالمی بینک کی تحقیق کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام پر خرچ ہونے والا ہر ایک روپیہ مقامی معیشت میں تقریباً 2.34 روپے کی حقیقی آمدن اور معاشی سرگرمی پیدا کرتا ہے۔ ان کے مطابق یہ پروگرام نہ صرف مستحق خاندانوں کو مالی معاونت فراہم کر رہا ہے بلکہ ملکی معیشت میں بھی اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ مقررہ اہلیت کے معیار پر پورا اترنے والی 45 سال یا اس سے زائد عمر کی غیر شادی شدہ مستحق خواتین بھی بینظیر کفالت پروگرام میں شامل ہو سکیں گی۔ اس اقدام کا مقصد مستحق خواتین تک سماجی تحفظ کی سہولیات کی رسائی کو مزید وسیع کرنا ہے۔
چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے خواتین پر زور دیا کہ وہ پروگرام سے متعلق مستند معلومات اور تازہ ترین اعلانات کے لیے صرف بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے سرکاری سوشل میڈیا اکاؤنٹس اور متعلقہ ذرائع سے رجوع کریں تاکہ جعلی اطلاعات اور دھوکہ دہی سے محفوظ رہ سکیں۔
اس موقع پر ڈی جی پنجاب نصیرالدین سرور، ڈائریکٹر میڈیا قرۃ العین فاطمہ، زونل ڈائریکٹر وقارالنسا اور ڈپٹی ڈائریکٹر ماہ رخ بھی موجود تھیں۔

