طالبات اور خواتین اساتذہ کو ہراسانی سے محفوظ ماحول فراہم کرنا ضروری ہے، خواتین کے حقوق سے متعلق قوانین اردو اور علاقائی زبانوں میں عام کیے جائیں، صوبائی وزیر تعلیم بلوچستان کا شرکت گاہ کی گولڈن جوبلی تقریب سے خطاب۔
کوئٹہ (الفجر آن لائن): صوبائی وزیر تعلیم بلوچستان اور سابق اسپیکر صوبائی اسمبلی راحیلہ حمید خان درانی نے کہا ہے کہ تعلیمی اداروں میں خواتین کا تحفظ، ہراسانی کی روک تھام اور متعلقہ قوانین پر مؤثر عمل درآمد حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ طالبات اور خواتین اساتذہ کو محفوظ اور باوقار ماحول فراہم کرنے کے لیے مؤثر اقدامات ناگزیر ہیں۔
تفصیلات کے مطابق راحیلہ حمید خان درانی نے خواتین کے حقوق اور صنفی مساوات کے لیے سرگرم ممتاز تنظیم شرکت گاہ ویمنز ریسورس سینٹر کی پچاس سالہ گولڈن جوبلی اور ’’ساتھ‘‘ (SAATH) منصوبے کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے تنظیم کی نصف صدی پر محیط جدوجہد کو خراج تحسین پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں خواتین کے حقوق کے تحفظ، مؤثر قانون سازی، موجودہ قوانین میں ضروری ترامیم، انسدادِ ہراسانی اور خواتین کارکنوں کے لیے محفوظ ماحول کی فراہمی کے سلسلے میں شرکت گاہ اور دیگر سول سوسائٹی تنظیموں کے تعاون کا خیرمقدم کیا جائے گا۔
صوبائی وزیر تعلیم نے بلوچستان میں خواتین کے خلاف تشدد، جبری شادیوں، صنفی امتیاز اور ہراسانی جیسے مسائل پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ خواتین کی سیاسی نمائندگی اور اعلیٰ سرکاری عہدوں تک رسائی کے باوجود معاشرتی اور ادارہ جاتی رویوں میں حقیقی تبدیلی لانے کی ضرورت ہے تاکہ خواتین کو عملی طور پر مساوی حقوق اور مواقع فراہم کیے جا سکیں۔
راحیلہ حمید خان درانی نے بالخصوص تعلیمی اداروں میں طالبات اور خواتین اساتذہ کے تحفظ، جنسی ہراسانی کی روک تھام اور شکایات کے مؤثر ازالے پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں ایسا محفوظ ماحول ہونا چاہیے جہاں طالبات اور خواتین اساتذہ بلا خوف اپنی تعلیمی اور پیشہ ورانہ ذمہ داریاں انجام دے سکیں۔
انہوں نے خواتین کے قانونی حقوق سے متعلق آگاہی پروگراموں کو وسعت دینے اور متعلقہ قوانین کو اردو سمیت علاقائی زبانوں میں عام کرنے کی تجویز بھی پیش کی، تاکہ خواتین اپنے حقوق اور قانونی تحفظ کے طریقہ کار سے مکمل طور پر آگاہ ہو سکیں۔
صوبائی وزیر نے خواتین کے تحفظ کے لیے بین الصوبائی رابطہ کاری کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
تقریب میں بلوچستان سے تعلق رکھنے والی خواتین پارلیمنٹیرینز شہناز عمرانی اور کلثوم نیاز بلوچ، صوبائی خاتون محتسب ایڈووکیٹ طاہرہ بلوچ سمیت دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔
واضح رہے کہ 1975ء میں قائم ہونے والی تنظیم شرکت گاہ ویمنز ریسورس سینٹر نے گزشتہ پانچ دہائیوں کے دوران خواتین کی معاشی خودمختاری، سیاسی شرکت، تعلیم، صحت، تحقیق اور پالیسی سازی کے شعبوں میں کام کیا ہے۔
تنظیم کا بنیادی فلسفہ خواتین اور معاشرے کے دیگر طبقات کے لیے کام کرنے کے بجائے ان کے ساتھ مل کر کام کرنا، ان کی آواز کو مضبوط بنانا اور انہیں اپنے حقوق اور مستقبل سے متعلق فیصلے خود کرنے کے قابل بنانا ہے۔
اسی روز منعقدہ ’’ساتھ‘‘ (SAATH) منصوبے کی اختتامی تقریب میں بھی کام کی جگہوں پر جنسی ہراسانی کے خلاف اقدامات جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
اس سلسلے میں تحقیق، تربیت، قانونی اصلاحات اور شکایات کے مؤثر نظام کے ذریعے خواتین محنت کشوں کے لیے محفوظ، باوقار اور مساوی مواقع پر مبنی ماحول فراہم کرنے کی اہمیت اجاگر کی گئی۔
تقریب میں اس امر پر زور دیا گیا کہ خواتین کے حقوق کا تحفظ صرف قانون سازی تک محدود نہیں رہنا چاہیے بلکہ قوانین پر مؤثر عمل درآمد اور ادارہ جاتی سطح پر عملی اصلاحات بھی ضروری ہیں۔

