جے پی مورگن چیس، بینک آف امریکا، ویلز فارگو اور زیل کی خدمات متاثر، صارفین کو اکاؤنٹس تک رسائی، بیلنس چیک کرنے اور رقوم کی منتقلی میں مشکلات، بینک حکام کا رقوم محفوظ ہونے کا دعویٰ۔
واشنگٹن (الفجر آن لائن): امریکا کے بڑے بینکوں کی آن لائن سروسز میں بڑے پیمانے پر تکنیکی خرابی کے باعث لاکھوں صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ موبائل بینکنگ، آن لائن اکاؤنٹس تک رسائی اور رقوم کی منتقلی کی سہولیات بھی متاثر ہوئیں۔
تفصیلات کے مطابق امریکی میڈیا ادارے سی بی ایس نیوز اور دیگر بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق جے پی مورگن چیس، بینک آف امریکا، ویلز فارگو، یو ایس بینک اور ڈیجیٹل ادائیگیوں کی ایپ زیل (Zelle) کی خدمات میں تعطل پیدا ہوا۔
سروسز کی نگرانی کرنے والی ویب سائٹ ڈاؤن ڈیٹیکٹر کے مطابق صرف جے پی مورگن چیس (Chase) کے تقریباً 5 ہزار صارفین نے آن لائن بینکنگ اکاؤنٹس تک رسائی، اکاؤنٹ بیلنس چیک کرنے اور رقوم کی منتقلی میں مشکلات کی شکایات درج کرائیں۔
اسی طرح بینک آف امریکا کے صارفین کو بھی اے ٹی ایم اور موبائل ایپ استعمال کرنے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ مختلف بینکوں کے درمیان ہونے والی مالیاتی ٹرانزیکشنز بھی متاثر ہوئیں۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق تکنیکی خرابی کے پیچھے کسی سائبر حملے یا تخریب کاری کے شواہد سامنے نہیں آئے۔ جے پی مورگن چیس کے ترجمان نے وضاحت کی کہ بینک کے اندرونی ہارڈویئر سسٹم میں تکنیکی خرابی پیدا ہوئی تھی، جس کے باعث بینک کی اپنی خدمات کے ساتھ دیگر مالیاتی اداروں کے ساتھ ہونے والی باہمی ٹرانزیکشنز میں بھی تاخیر ہوئی۔
بینک حکام کے مطابق اس تکنیکی تعطل کے باوجود صارفین کے اکاؤنٹس اور ان میں موجود رقوم محفوظ ہیں، جبکہ سروسز میں پیش آنے والی مشکلات کو تکنیکی خرابی سے منسوب کیا گیا ہے۔
اس واقعے نے امریکی بینکاری نظام میں ڈیجیٹل سروسز پر بڑھتے ہوئے انحصار اور جدید مالیاتی نظام کے تکنیکی تحفظ کی اہمیت کو ایک بار پھر اجاگر کیا ہے۔ آن لائن بینکنگ اور فوری ادائیگیوں کی سہولیات میں معمولی تکنیکی خرابی بھی بڑے پیمانے پر صارفین کی روزمرہ مالی سرگرمیوں کو متاثر کر سکتی ہے۔

