گوادر، لسبیلہ اور حب میں 34 ہزار 351 ہیکٹر مینگرووز جنگلات کی بحالی اور تحفظ کا منصوبہ، 31 ملین ڈالر کی نجی سرمایہ کاری سے مکمل ہوگا، منصوبے سے 707 ملین ڈالر سے زائد کاربن ریونیو حاصل ہونے کا تخمینہ
کوئٹہ (الفجر آن لائن) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے کلائمیٹ وژن اور پائیدار ترقی کے لیے اسٹریٹجک اقدامات کے نتیجے میں حکومت بلوچستان نے ترکیہ کے شہر انطالیہ میں منعقدہ اقوام متحدہ کی 31ویں کلائمیٹ چینج کانفرنس میں اہم کامیابی حاصل کرلی، جہاں بلوچستان کے فلیگ شپ بلیو کاربن آفسیٹ منصوبے کو عالمی کاربن پراجیکٹ ڈویلپرز، گرین سوورین ویلتھ فنڈز اور بین الاقوامی ماحولیاتی اداروں کی جانب سے بھرپور پذیرائی اور حمایت حاصل ہوئی۔
بلیو کاربن اور کلائمیٹ فنانس سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس میں صوبائی وفد کی قیادت سیکرٹری محکمہ جنگلات و جنگلی حیات اسد اللہ فیض نے کی۔ انہوں نے بلوچستان کے قدرتی وسائل، ساحلی ماحولیاتی نظام اور مستقبل کے سرمایہ کاری منصوبوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر بلوچستان بلیو کاربن آفسیٹ منصوبہ خصوصی توجہ کا مرکز رہا، جسے بین الاقوامی سرمایہ کاروں نے ماحولیاتی تحفظ، مالیاتی استحکام اور مؤثر حکمرانی کے حوالے سے اہم منصوبہ قرار دیا۔
حکومت بلوچستان کے مطابق یہ منصوبہ بلوچستان پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی کے تحت 46 سالہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کی بنیاد پر تشکیل دیا گیا ہے، جس کے لیے 31 ملین امریکی ڈالر کی سرمایہ کاری مکمل طور پر نجی ڈویلپر کی ایکویٹی کے ذریعے کی جائے گی، یوں منصوبے پر صوبائی خزانے سے کوئی مالی بوجھ نہیں پڑے گا۔
منصوبے کے تحت گوادر، لسبیلہ اور حب کے اضلاع میں چھ بڑے ساحلی کلسٹرز کے اندر 34 ہزار 351 ہیکٹر رقبے پر مشتمل مینگروو جنگلات کی بحالی اور تحفظ یقینی بنایا جائے گا۔ بین الاقوامی کاربن اکاؤنٹنگ معیارات اور پیرس معاہدے کے آرٹیکل 6 کے تحت منصوبے کی مکمل مدت کے دوران 707 ملین امریکی ڈالر سے زائد کاربن ریونیو حاصل ہونے کا تخمینہ لگایا گیا ہے، جبکہ اس سے لاکھوں ٹن کاربن ڈائی آکسائیڈ جذب کرنے میں بھی مدد ملے گی۔
کانفرنس میں بلوچستان کی 770 کلومیٹر طویل ساحلی پٹی کے قدرتی وسائل اور ماحولیاتی اہمیت کو بھی اجاگر کیا گیا۔ سیکرٹری جنگلات و جنگلی حیات اسد اللہ فیض نے بتایا کہ صوبے میں جزیرہ استولہ، میان ہور اور جزیرہ چرنا سمیت تین نوٹیفائیڈ میرین پروٹیکٹڈ ایریاز کے تحفظ کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں، جبکہ ایک لاکھ 60 ہزار ہیکٹر پر مشتمل محفوظ مینگروو ریزرو بھی صوبے کے قدرتی سرمائے کا حصہ ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ابتدائی بلیو کاربن منصوبے کے علاوہ بلوچستان میں مزید ایک لاکھ 60 ہزار ہیکٹر قابل عمل ساحلی اور ویٹ لینڈ رقبہ موجود ہے، جسے مستقبل میں کاربن منصوبوں کی توسیع اور بین الاقوامی سرمایہ کاری کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔ اس پیش رفت نے عالمی سرمایہ کاروں اور ماحولیاتی اداروں کی خصوصی توجہ حاصل کی۔
اجلاس اور دوطرفہ مذاکرات کے دوران بلوچستان کے کمیونٹی بیسڈ کنزرویشن ماڈل کو بھی سراہا گیا۔ منصوبے کے تحت کاربن ریونیو کا 15 فیصد کمیونٹی ڈویلپمنٹ فنڈ کے لیے مختص کیا گیا ہے، جس سے مقامی آبادیوں کے لیے سولر واٹر ڈی سیلینیشن، صاف پانی کی فراہمی اور ماحول دوست روزگار کے مواقع پیدا کیے جائیں گے۔
کانفرنس کے دوران ایک اہم پالیسی سفارش بھی پیش کی گئی، جس کے تحت ساحلی اور جنگلاتی علاقوں میں رہنے والی مقامی آبادیوں کو بین الاقوامی کاربن کریڈٹس سے حاصل ہونے والی آمدن میں براہ راست مالی حصہ یا ڈیویڈنڈ دینے کی تجویز دی گئی۔ سیکرٹری اسد اللہ فیض نے یقین دہانی کرائی کہ کمیونٹی ڈیویڈنڈ کے مجوزہ نظام کو باضابطہ پالیسی منظوری کے لیے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے سامنے پیش کیا جائے گا، تاکہ مقامی آبادی بھی صوبے کی گرین اکانومی اور ماحولیاتی ترقی کے ثمرات میں براہ راست شریک ہو سکے۔
منصوبے کے تحت مقامی افرادی قوت اور لیبر کو ترجیح دینا بھی لازمی ہوگا، جس سے ساحلی اضلاع میں روزگار کے نئے مواقع پیدا ہونے اور مقامی لوگوں کی معاشی حالت بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔
بلیو کاربن منصوبے میں مینگروو جنگلات کی بحالی، ساحلی ماحول کے تحفظ، مقامی کمیونٹیز کی ترقی اور گرین روزگار کے فروغ کو یکجا کیا گیا ہے۔ حکومت بلوچستان کے مطابق عالمی کانفرنس میں منصوبے کو ملنے والی پذیرائی اس بات کی عکاس ہے کہ صوبے کے قدرتی وسائل کو ماحولیاتی تحفظ کے ساتھ پائیدار معاشی ترقی اور بین الاقوامی سرمایہ کاری کے لیے بروئے کار لانے کی کوششیں جاری ہیں۔

