لاہور کا مجموعی ایئر کوالٹی انڈیکس 318 ریکارڈ، برکی روڈ پر اے کیو آئی 540 تک پہنچ گیا، گوجرانوالہ میں فضائی آلودگی کی سطح 810 ریکارڈ، شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور ماسک استعمال کرنے کی ہدایت
لاہور (الفجر آن لائن) پنجاب بھر میں فضائی آلودگی کی شدت ایک بار پھر بڑھنے لگی ہے، جس کے باعث شہریوں کو سانس لینے میں دشواری اور آنکھوں میں جلن سمیت مختلف مسائل کا سامنا ہے۔ صوبائی دارالحکومت لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں سرفہرست آگیا، جہاں مجموعی اوسط ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) 318 ریکارڈ کیا گیا، جبکہ شہر کے مختلف علاقوں میں آلودگی کی سطح انتہائی تشویشناک ہوگئی ہے۔
تازہ اعداد و شمار کے مطابق لاہور کے برکی روڈ پر فضائی آلودگی کا انڈیکس 540، گلبرگ ٹو میں 520 اور علامہ اقبال ٹاؤن میں 320 ریکارڈ کیا گیا، جو شہریوں کی صحت کے لیے خطرناک صورتِ حال کی نشاندہی کرتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں آئندہ چند روز تک بارش کا کوئی امکان نہیں، جس کے باعث سموگ کی شدت برقرار رہنے کا خدشہ ہے۔ شہر میں کم سے کم درجہ حرارت 11 جبکہ زیادہ سے زیادہ 26 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی توقع ہے۔ ہوا میں نمی کا تناسب 40 فیصد جبکہ ہوا کی رفتار تقریباً 5 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی ہے۔
دوسری جانب پنجاب بھر میں گوجرانوالہ فضائی آلودگی کے اعتبار سے سرفہرست ہے، جہاں ایئر کوالٹی انڈیکس 810 تک پہنچ گیا۔ ڈیرہ غازی خان میں اے کیو آئی 416، ملتان میں اوسط 329 جبکہ سرگودھا میں فضائی آلودگی کی سطح 320 سے 343 کے درمیان ریکارڈ کی گئی۔
طبی ماہرین نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ فضائی آلودگی کی شدت کے پیش نظر غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کریں، باہر جاتے وقت ماسک کا استعمال یقینی بنائیں اور بچوں، بزرگوں اور سانس کی بیماریوں میں مبتلا افراد خصوصی احتیاط کریں۔

