Mahmood Khan Achakzai addresses an All Parties Conference at Lahore High Court Bar Association, calling for constitutional reforms and national political reconciliation.
ملک کو بحرانوں سے نکالنے کے لیے قومی حکومت اور آئینی و سیاسی اصلاحات ناگزیر ہیں،محمود خان اچکزئی کا لاہور ہائی کورٹ بار سے خطاب آئین کی بالادستی، سیاسی مفاہمت اور قومی وسائل پر عوام کے اختیار کا مطالبہ
لاہور / کوئٹہ (الفجرآن لائن) پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے چیئرمین، تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ ملک کے سنگین سیاسی، معاشی اور امن و امان کے بحرانوں کو حل کرنے کے لیے ضروری ہے کہ قومی معاملات کے فیصلے چند افراد کے بجائے عوام کے منتخب نمائندوں اور تمام متعلقہ سیاسی و جمہوری قوتوں کی مشاورت سے کیے جائیں۔ انہوں نے زور دیا کہ آئین کی بالادستی، پارلیمان کی خودمختاری اور جمہوریت کی بحالی کے لیے فوری آئینی و سیاسی اصلاحات ناگزیر ہیں
۔لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے جاوید اقبال آڈیٹوریم میں منعقدہ آل پارٹیز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے محمود خان اچکزئی نے کہا کہ لاہور شہر اور اس کی بار ایسوسی ایشن نے آئین اور جمہوریت کی جدوجہد میں تاریخی طور پر اہم کردار ادا کیا ہے۔ جب ایسے ادارے اپنی آئینی اور جمہوری ذمہ داریاں ادا کرنے میں ناکام رہتے ہیں تو اس کے نتائج پورے معاشرے اور ریاست کو بھگتنا پڑتے ہیں۔
انہوں نے ملک کے مختلف حصوں میں امن و امان کی صورت حال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں بدامنی اور خونریزی جاری ہے، جبکہ اب پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں بھی حالات خراب ہو رہے ہیں۔ ان کے مطابق روزانہ تقریباً 20 شہری گولیوں کا نشانہ بن کر ہلاک ہو رہے ہیں۔ ایسے حالات میں ریاستی اداروں اور سیاسی قیادت کی اولین ذمہ داری شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اور ملک میں امن قائم کرنا ہے۔عالمی صورت حال پر خبردار کرتے ہوئے محمود خان اچکزئی نے کہا کہ بڑی طاقتوں کے درمیان بڑھتی ہوئی کشمکش اور باہمی مفادات کی جنگ ایک بار پھر ہمارے خطے کو جنگ اور عدم استحکام کی طرف دھکیل سکتی ہے۔ پاکستان کو ماضی کے تجربات سے سبق سیکھنا چاہیے اور دوسری طاقتوں کے مفادات کے لیے لڑی جانے والی جنگوں کا حصہ بننے سے گریز کرنا چاہیے، کیونکہ اس مرتبہ اس کے نتائج ماضی کے مقابلے میں کہیں زیادہ خطرناک ہو سکتے ہیں

