بنغازی کے بحری اڈے پر روسی بحری جہاز مرکری کو نشانہ بنایا گیا، روسی اور لیبیائی اہلکاروں سمیت 10 افراد زخمی، ابتدائی اطلاعات کے مطابق 6 ڈرون حملے میں استعمال ہوئے
طرابلس (الفجر آن لائن) لیبیا کے مشرقی شہر بنغازی میں بحری اڈے پر مشتبہ سمندری ڈرون حملے کے نتیجے میں روسی بحریہ کا جنگی جہاز مرکری شدید نقصان کے بعد الٹ کر جزوی طور پر سمندر میں ڈوب گیا۔ واقعے میں روسی اور لیبیائی اہلکاروں سمیت 10 افراد زخمی ہوئے، جنہیں معمولی نوعیت کے زخم آئے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق روسی جنگی جہاز بنغازی کے بحری اڈے پر ایندھن اور رسد حاصل کرنے کے لیے لنگر انداز تھا کہ اسے مشتبہ سمندری ڈرونز کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔ حملے کے نتیجے میں زوردار دھماکہ ہوا اور جہاز میں آگ بھڑک اٹھی، جسے بعد ازاں بجھا دیا گیا۔
لیبیائی حکام کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ حملے میں چھ ڈرون استعمال کیے گئے، جن میں سے چار کو روک لیا گیا جبکہ دو ڈرون روسی جنگی جہاز سے ٹکرا گئے، جس کے باعث اسے شدید نقصان پہنچا۔
سیٹلائٹ تصاویر میں جہاز کا بڑا حصہ الٹا ہوا اور پانی میں ڈوبا دکھائی دیا ہے۔ واقعے سے متعلق مزید تحقیقات جاری ہیں، تاہم حملے کے ذمہ داروں کے بارے میں تاحال کوئی حتمی تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں۔

