میر سرفراز بگٹی کا نوجوانوں کو ڈیجیٹل مہارتوں، مصنوعی ذہانت اور کاروبار کے ذریعے معاشی خودمختاری کی جانب گامزن کرنے کے عزم کا اظہار، سرکاری محکموں کی ڈیجیٹلائزیشن اور میرٹ کی بالادستی پر زور
کوئٹہ (الفجر آن لائن) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے بلوچستان کی تاریخ میں پہلی ڈیجیٹل ایکسپو 2026 کے انعقاد کی تاریخ کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے کی پہلی ڈیجیٹل ایکسپو 21 سے 24 دسمبر تک بیوٹمز یونیورسٹی میں منعقد ہوگی، جس میں چار روز کے دوران ڈیجیٹائزڈ سرکاری محکموں کی کارکردگی اور کامیابیوں کو اجاگر کیا جائے گا جبکہ ڈیجیٹل شعبے میں مہارت رکھنے والے نوجوانوں کو قومی اور عالمی کمپنیوں سے متعارف کرانے کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوانوں کو اپنی ڈیجیٹل مہارتوں کے اظہار، روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے اور معاشی خودمختاری کے لیے مؤثر پلیٹ فارم فراہم کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ دنیا تیزی سے ڈیجیٹلائزیشن اور مصنوعی ذہانت کے دور میں داخل ہو رہی ہے اور بلوچستان کو بھی روایتی طریقہ کار سے جدید نظام کی طرف منتقل کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کا سب سے بڑا سرمایہ یہاں کے باصلاحیت نوجوان ہیں، جن کی صلاحیتوں کو نکھارنا اور عالمی تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ضروری ہے۔ حکومت سرکاری ملازمتیں فراہم کرنے کا لامحدود ذریعہ نہیں بن سکتی، اس لیے نوجوانوں کو خود روزگار پیدا کرنے اور دوسروں کے لیے روزگار کے مواقع فراہم کرنے کی سوچ اپنانا ہوگی۔
ڈیرہ بگٹی، ژوب، تربت، بلیدہ، خاران اور آواران سمیت صوبے کے ہر علاقے کا نوجوان ڈیجیٹل ذرائع سے اپنے لیے نئے مواقع پیدا کرسکتا ہے۔ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ رائز بلوچستان پروگرام، صحت کے شعبے میں ٹیلی میڈیسن اور دیگر ڈیجیٹل اقدامات نوجوانوں اور عوام کو جدید سہولیات فراہم کرنے کے حکومتی وژن کا حصہ ہیں۔ دہلیز ایپ کو صوبے بھر میں پذیرائی مل رہی ہے، بالخصوص خواتین کی بڑھتی ہوئی شرکت حکومتی نظام پر عوامی اعتماد کا اظہار ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحت، تعلیم، خزانہ اور منصوبہ بندی سمیت مختلف محکموں میں ڈیجیٹل نظام متعارف کرایا جا رہا ہے، محکمہ خزانہ کا نظام ایک کلک پر دستیاب ہے جبکہ ترقیاتی منصوبوں کے پی سی ون کو ڈیجیٹائز کردیا گیا ہے اور محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات کو بھی جدید نظام سے منسلک کیا جا رہا ہے۔ تعلیم اور صحت کے شعبوں میں مصنوعی ذہانت پر مبنی حاضری کا نظام متعارف کرانے کے ساتھ صوبائی پبلک سروس کمیشن کے امتحانی نظام کو شفاف، جدید اور کاغذ سے پاک بنانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ امیدواروں کا مستقبل ذاتی پسند و ناپسند سے محفوظ بنایا جاسکے۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ نوجوانوں اور خواتین کو معاشی طور پر خودمختار بنانے کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں، رائز بلوچستان پروگرام کے تحت خواتین اپنا کاروبار شروع کرکے معاشی خودمختاری کی جانب بڑھ رہی ہیں۔ بلوچستان کے نوجوان معدنی وسائل سے بھی بڑا سرمایہ ہیں اور یہی نوجوان صوبے کو ترقی کی نئی منزلوں تک لے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کا مستقبل اسمگلنگ اور غیر قانونی سرگرمیوں میں نہیں بلکہ مصنوعی ذہانت، جدید ٹیکنالوجی اور معاشی ترقی میں ہے۔ بلوچستان کا نوجوان کسی سے کم نہیں، اسے صرف مواقع اور اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔ میر سرفراز بگٹی نے مزید کہا کہ بلوچستان کی ترقی کے لیے بدعنوانی کے خلاف اقدامات اور میرٹ کی بالادستی بنیادی اہمیت رکھتے ہیں، درست شخص کو درست ذمہ داری سونپنے سے ہی مطلوبہ نتائج حاصل ہوتے ہیں۔ اصلاحات کے لیے وقت، مسلسل محنت اور جرات مندانہ فیصلوں کی ضرورت ہوتی ہے اور حکومت صوبے و عوام کے وسیع تر مفاد میں درست فیصلے کرتی رہے گی، خواہ ان فیصلوں کی سیاسی قیمت ہی کیوں نہ ادا کرنا پڑے۔

