مدینہ سے ملتان آنے والی نجی ایئرلائن کی پرواز پی ایف 763 کا رخ مسافر کی طبیعت خراب ہونے پر کراچی موڑ دیا گیا، ڈاکٹرز نے دل کا دورہ پڑنے کو موت کی وجہ قرار دیا
کراچی (الفجر آن لائن) مدینہ منورہ سے ملتان آنے والی نجی ایئرلائن کی پرواز پی ایف 763 میں سوار عمرہ کے 80 سالہ مسافر شیخ محمد عالم انتقال کرگئے، جس کے باعث طیارے نے کراچی ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی۔
تفصیلات کے مطابق پرواز پاکستان کی فضائی حدود میں آواران کے قریب تھی کہ اس دوران 80 سالہ مسافر شیخ محمد عالم کی طبیعت اچانک خراب ہوگئی۔ پائلٹس نے فوری طور پر ایئر ٹریفک کنٹرول (اے ٹی سی) کو صورتِ حال سے آگاہ کیا اور مسافر کی جان بچانے کی کوشش میں پرواز کا رخ کراچی کی جانب موڑ دیا۔
جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی پر طیارے کی لینڈنگ کے بعد پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی (پی اے اے) کی میڈیکل ٹیم فوری طور پر طیارے میں پہنچی اور مسافر کو طبی امداد فراہم کرنے کی کوشش کی، تاہم ڈاکٹروں نے معائنے کے بعد تصدیق کی کہ دل کا دورہ پڑنے کے باعث مسافر کا انتقال ہوچکا تھا۔

