مارخور سے متاثر خصوصی لباس کے ذریعے پاکستان کی ثقافت، قومی شناخت اور قدرتی ورثے کی خوبصورت عکاسی، سوشل میڈیا پر تصاویر اور ویڈیوز وائرل
سان خوان (الفجر آن لائن) عالمی مقابلہ حسن مس یونیورس 2026 میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والی مصباح ارشد نے قومی جانور مارخور سے متاثر منفرد لباس پیش کرکے بین الاقوامی توجہ حاصل کرلی۔ ان کے خصوصی لباس کے ذریعے پاکستان کی ثقافت، قومی شناخت اور قدرتی ورثے کو عالمی سطح پر اجاگر کیا گیا۔
امریکی زیرِ انتظام علاقے پورٹو ریکو کے شہر سان خوان میں 21 نومبر کو منعقد ہونے والے 75ویں مس یونیورس مقابلے میں مصباح ارشد کا خصوصی طور پر تیار کردہ لباس شرکاء اور ناظرین کی توجہ کا مرکز بن گیا۔ لباس کا ڈیزائن پاکستان کے قومی جانور مارخور سے متاثر ہوکر تیار کیا گیا تھا، جو اپنے منفرد بل کھاتے سینگوں اور دشوار گزار پہاڑی علاقوں میں رہائش کے باعث دنیا بھر میں پہچانا جاتا ہے۔
مصباح ارشد کے اس منفرد لباس کا مقصد محض فیشن کی نمائندگی نہیں بلکہ پاکستان کے قدرتی حسن، جنگلی حیات، ثقافتی ورثے اور قومی تشخص کو عالمی سطح پر متعارف کروانا بھی تھا۔
پاکستانی ماڈل کے لباس کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں، جہاں صارفین نے اس کے منفرد ڈیزائن اور پاکستان کی ثقافت و قومی ورثے کی نمائندگی کے انداز کو سراہا۔

