وزیراعظم شہباز شریف کی سائبر کرائمز کی روک تھام اور تحقیقات کا نظام جدید بنانے کی ہدایت، اے آئی اور آئی ٹی ماہرین کی تعیناتی پر زور
اسلام آباد (الفجر آن لائن) وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت نیشنل سائبر کرائم انویسٹیگیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کی تنظیم نو کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا، جس میں ادارے کی کارکردگی، انتظامی ڈھانچے اور مستقبل کے لائحہ عمل پر غور کیا گیا، جبکہ این سی سی آئی اے کو قومی سطح کی پاکستان سائبر پولیس میں تبدیل کرنے کی تجویز بھی پیش کی گئی۔
اجلاس میں وفاقی وزراء اعظم نذیر تارڑ، ڈاکٹر مصدق مسعود ملک، احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب، سید محسن رضا نقوی، وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران شریک ہوئے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ہدایت کی کہ سائبر کرائمز کی روک تھام اور تحقیقات کے نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو سائبر جرائم سے تحفظ فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، لہٰذا این سی سی آئی اے کو مؤثر، فعال اور جدید ادارہ بنانے کے لیے تنظیم نو کا عمل تیز کیا جائے۔
وزیراعظم نے نیشنل سائبر کرائم انویسٹیگیشن ایجنسی اور اس کے تمام ذیلی دفاتر میں آئی ٹی اور مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے شعبوں سے وابستہ ماہرین کی تعیناتی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ادارے میں میرٹ کی بنیاد پر بہترین افرادی قوت بھرتی کی جائے۔
انہوں نے تنظیم نو کے عمل میں مصنوعی ذہانت اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال پر خصوصی توجہ دینے اور سائبر کرائم کے زیر التوا مقدمات کے حل کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی۔
اجلاس میں این سی سی آئی اے کی جانب سے پیش کردہ اصلاحات کی سفارشات پر غور کے لیے وفاقی وزراء محسن نقوی، اعظم نذیر تارڑ، محمد اورنگزیب اور شزا فاطمہ خواجہ پر مشتمل کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا، جو رواں ہفتے کے اختتام تک اپنی سفارشات وزیراعظم کو پیش کرے گی۔
اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ نیشنل سائبر کرائم انویسٹیگیشن ایجنسی کو قومی سطح کی ’’پاکستان سائبر پولیس‘‘ میں تبدیل کرنے کی تجویز زیر غور ہے، جس کے تحت ادارے میں میرٹ پر بہترین افرادی قوت تعینات کی جائے گی۔
بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ سائبر کرائمز کے حوالے سے قومی سلامتی کے لیے مخصوص نظام فعال ہو چکا ہے، جبکہ موجودہ نظام کے تحت سائبر کرائم کیسز کے حل کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
اجلاس میں این سی سی آئی اے کی کارکردگی، انتظامی ڈھانچے، اصلاحات اور مستقبل کے لائحہ عمل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

